Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

8 ستمبر کے دن پاک بحریہ نے بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے
اپ ڈیٹ 08 ستمبر 2024 04:57pm

سمندری حدود کے نگہبانوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم بحریہ آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، آپریشن دوارکا میں پاکستان نیوی نے دشمن کے دلوں پر جو لرزہ طاری کیا، اسی کی یاد میں 8 ستمبر کو پاک بحریہ کا دن منایا جاتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے پاک بحریہ کو مزید جدید اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مضبوط بحریہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔

جنگِ ستمبر میں پاک بحریہ کی شاندار کارکردگی کی یاد میں ہر سال 8 ستمبر کو یومِ بحریہ کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن پاک بحریہ نے پاکستان کی بری اور فضائی افواج کے شانہ بشانہ رہ کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔

1965کی جنگ میں بری، بحری اور فضائی افواج نے دفاع وطن کا فریضہ بھرپور طریقے سے انجام دیا لیکن 8 ستمبر کا دن پاک بحریہ کے نام رہا۔

7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب پاک بحریہ نے بھارتی نیول بیس دوار کا پر حملہ کیا، آپریشن سو مناتھ میں پاک بحریہ کے پی این ایس بابر، خیبر، بدر، جہانگیر، عالمگیر، شاہجہان اور ٹیپو سلطان نے حصہ لیا، صرف 4 منٹ میں بھارتی نیول بیس آگ کا ڈھیر بنادیا گیا، 120 میل دور بھارتی سرزمین پر حملے نے بھارتی بحریہ کو شل کر دیا۔

ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

پاک بحریہ کا دب دبا آج بھی دشمن نہیں بھلا پایا، پاک بحریہ کی کامیابیوں کی داستانیں یوں تو بہت طویل ہیں مگر65 کی جنگ میں سمندری حدود کی حفاظت اور بھارتی بحریہ کو اس کے اپنے ساحلوں تک محدود رکھنا دو اس قدر بڑے کام تھے جس پر پورے ملکی دفاع کا دارو مدارتھا۔

آج یوم بحریہ اس عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ سمندری حدود کی حفاظت کے لیے بحری محافظ ہمہ وقت تیار ہیں۔

پاک بحریہ نے 1965کی جنگ کے آغاز پر ہی بھارتی نیوی کو دوارکا کے مقام پر دبوچ لیا، جس پر دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، یہ پاکستان کی قومی اور عسکری تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھے جانے والا ایک عظیم واقعہ ہے۔

آپریشن میں ایک جانب تو بھارت کا کراچی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا تو دوسری جانب 2بھارتی افسر اور 13 سیلزر ہلاک ہوئے، رن وے کو بھی مکمل طور پر تباہ اور انفراسٹرکچر کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا گیا تھا۔

یوم دفاع وشہدا کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کی طرف سے ملی نغمہ جاری

6 ستمبر کی شام پاک فضائیہ کے شیر دل اسکواڈرن کے نام

پاکستان نیوی نے مارچ2019 میں بھارتی آبدوز کے پاکستانی پانیوں میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹارگٹ لاک کرلیا اور تنبیہ کرکے پاکستانی حدود سے نکلنے جانے پر مجبور کردیا، دشمن کیلئے خوف کی علامت پاک بحریہ آج بھی بحری خطوں میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہی ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا یومِ بحریہ پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین

صدر نے دفاع وطن میں پاک بحریہ کے کردار ، افسروں اور جوانوں کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ میں دشمن کے خلاف کامیاب کارروائی کرکے پاک بحریہ نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، پاک بحریہ ملک کو درپیش روایتی اور غیر روایتی بحری چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

آصف زرداری نے پاک بحریہ کو مزید جدید اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایک مضبوط بحریہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی ضامن ہے، ملکی دفاع اور علاقائی امن کے فروغ میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے، پاکستان کے بحری مفادات اور حدود کے دفاع کے لیے پاک بحریہ ہر وقت تیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ قوم پاک بحریہ، اُس کے جوانوں کی بہادری، لگن اور جذبہ حب الوطنی پر فخر کرتی ہے، پاک بحریہ کے ہیروز کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

Pakistan Navy

pak india war

Defense Day

india pakistan battle 1965

defenceday