Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
29 Rabi Al-Akhar 1446  

امریکا نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو روکنے کا بیک ڈور طریقہ ڈھونڈ نکالا

معاہدے کے تحت پناما نے 130 بھارتی باشندوں کو ڈی پورٹ کردیا، 60 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
شائع 07 ستمبر 2024 04:51pm

امریکا نے غیر قانونی تارکینِ وطن کی روک تھام کے لیے ایک بیک ڈور طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔ امریکا سے معاہدے کے تحت پناما نے 130 بھارتی باشندوں کو ملک بدر کردیا ہے۔ ان بھارتی باشندوں کو ملک بدر کرنے کے عوض پناما کو امریکا سے 60 لاکھ ڈالر ملیں گے۔

امریکی حکام نے بتایا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن وسطی امریکا کے ممالک السلواڈور، پناما اور کوسٹاریکا سے ہوتے ہوئے میکسیکو پہنچ کر امریکا میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان میں اکثریت افریقا، جنوب مشرقی ایشیا اور جنوبی ایشیا کے باشندوں کی ہوتی ہے۔

وسطی امریکا کے لیے امریکی سیکیورٹی اتاشی مارلین پنیرو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پناما نے امریکا خصوصی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت غیر قانونی تارکینِ وطن کو میکسیکو پہنچنے سے پہلے ہی ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔

پناما کے ڈائریکٹر امیگریشن راجر موجیکا نے کہا ہے کہ 130 بھارت باشندوں کو خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے اُن کے وطن واپس بھیجا گیا۔

امریکا سے خصوصی معاہدے کے تحت پناما نے دو ہفتوں کے دوران 219 غیر قانونی تارکینِ وطن کو ڈی پورٹ کرکے اُن کے وطن واپس بھیجا ہے۔ واضح رہے کہ میکسیکو کے راستے میکسیکن باشندوں کے علاوہ افریقا اور ایشیا سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکینِ وطن بھی بڑی تعداد میں سرحد عبور کرکے امریکا میں داخل ہوتے ہیں۔

Illegal immigrants

BACKDOOR CHANNEL

AGREEMENT WITH PANAMA

130 INDIANS DEPORTED