Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

6 ستمبر 1965 کی مناسبت سے وزیراعظم ، صدر اور پاک فوج کی جانب سے اہم پیغام جاری
اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2024 08:57am

ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، 6 ستمبر 1965 کی مناسبت سے صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نے اہم پیغام جاری کیا ہے۔

وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں یوم دفاع کے موقع پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں دعاؤں کے ساتھ ہوا، اس وقت مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب جاری ہے، تقریب میں شہداء کے اہل خانہ بھی شریک ہیں۔

صبح سویرے نیول ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں یادگار شہدا پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی، وائس ایڈمرل اویس احمدبلگرامی نے یادگارشہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس کے علاوہ یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب آج رات 8 بجے جی ایچ کیو میں ہوگی، وزیراعظم شہباز شریف تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر،اعلیٰ سول و عسکری قیادت بھی شریک ہوگی۔

مرکزی تقریب کے دوران وزیراعظم اور آرمی چیف یادگار شہدا پر پھول رکھیں گے،تقریب سے وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر خطاب بھی کریں گے۔

آج ہی کے دن 1965 میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے مکار دشمن کی تمام تر چالوں کو ناکام بنایا تھا، بزدل دشمنوں کو ارض پاک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے پر سبق سکھایا تھا۔

6 ستمبر 1965ء کی صبح بھارت نے لاہور کے قریب سرحد عبور کی اور پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، پاکستانی فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دشمن کی پیش قدمی کو روکا، نہ صرف دشمن کو سرحد پار دھکیل دیا بلکہ جوابی حملے میں بھارتی افواج کو بڑی شکست دی۔

عالمی سطح پر اپنی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کیسے پاکستانی افواج اور قوم نے وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں دیں، شجاعت، ایثار اور بہادری کی لازوال داستان رقم کرنے والوں کو قوم آج سلام پیش کرتی ہے۔

صدر مملکت کا یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم دفاع کی مناسبت سے جاری اپنے پیغام میں غازیوں اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع ہمیں ملکی خودمختاری کے دفاع کی جانب غیر متزلزل قومی عزم کی یاد دلاتا ہے، پاکستان کو نقصان پہنچانے کا دشمن کا خواب چکنا چور کرنے والے بہادر سپوتوں کو خراج ِعقیدت پیش کرتا ہوں۔

آصف زرداری نے کہا کہ مسلح افواج قومی خودمختاری، ملکی سالمیت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہماری افواج دفاعی سازوسامان سے لیس ، پیشہ ورانہ مہارت کی حامل ہیں، افواجِ پاکستان ملک کو تمام چیلنجوں سے بچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ آج پاکستان کو بہت سے خطرات اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی کاروائیوں کیلئے دشمن ممالک پاکستان مخالف عناصر کی حمایت کرکے ملک کو نقصان پہنچانے پر تُلے ہوئے ہیں، ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کو شکست دینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں، دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام ، تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کا خواہاں ہے، کشمیری عوام کی حالت ِزار کا ازالہ کرکے ہی خطے میں دیرپا امن ممکن ہے، کشمیری عوام کو بھارتی مسلح افواج کے ہاتھوں غیر قانونی تسلط ، دہشت گردی کا سامنا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی خود مختار حیثیت کی منسوخی نے مسئلہ کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے، بھارت کشمیری عوام کے حق ِخودارادیت سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم اپنے بہادر بیٹوں کے عزم، استقلال اور جذبہ حب الوطنی کی یاد مناتے ہیں، ہم دفاع ِوطن کے مقدس فریضے کی تکمیل میں مسلح افواج کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا عہد کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم دفاع و شہدا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہم سب مادر وطن کے بیٹوں اور افواج پاکستان کے سپوتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ہم سب مادر وطن کے بیٹوں اور افواج پاکستان کے عظیم سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دشمن کے اس غیر اعلانیہ حملے اور عددی برتری کے باوجود افواج پاکستان کی بیداری اور تیاری کی بدولت تمام محاذوں پر ہزیمت اور عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہماری حکومت تصادم کے بجائے مکالمے اور ٹکراؤ کی بجائے تعاون اور شراکت داری پر یقین رکھتی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے دہشت گردی کی جڑوں کو باہمی تعاون اور مشترکہ مفاد کی حکمت عملی کے ذریعے اکھاڑنے کی ضرورت ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔

سروسز چیفس اور مسلح افواج کا 6 ستمبر 1965ء کے شہداء کو خراج عقیدت پیش

59ویں یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نے 6 ستمبر 1965 کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مسلح افواج نے کہا ہے کہ یہ دن (یوم دفاع) قوم کی ناقابل تسخیر عزم اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، جنہوں نے دشمن کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور مادر وطن کا کامیابی سے دفاع کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج نے دشمن کی عزائم ناکام بناتے ہوئے ایک تاریخی فتح حاصل کی جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی، 1965ء کی جنگ امید کی کرن تھی، جس نے مصیبت کے وقت قوم کیلئے عزم کی مثال قائم کی، آج ان شہداء کو دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے 1947 سے پاکستان کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کو بھی خراج تحسین جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی اور جنگ میں لازوال قربانیاں دیں، شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ہم ان سابق فوجیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو بہادری سے لڑے، ان سابق فوجیوں کی بہادری اور بے لوثی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج تمام خطرات اور چیلنجوں سے ملک کے دفاع کیلئے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں، ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ستمبر 1965ء کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے وطن کے دفاع کیلئے تیار ہیں۔

ہم اپنے تمام شہداء اور سابق فوجیوں کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئیے اس یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر اپنے شہداء اور ہیروز کی یاد کو ملکر خراج عقیدت پیش کریں، ان کی قربانیاں ہمیں ایک مضبوط، زیادہ خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے جدوجہد کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پیغام

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کا یوم دفاع پاکستان کے موقع پر خصوصی پیغام کہا کہ 6 ستمبر 1965 ہماری عسکری تاریخ کا انتہائی اہم ترین دن ہے، یہ دن ہمیں جنگ ستمبر کے ان دنوں کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی آزادی اور قومی وقار کا دفاع کیا تھا، پاک فوج نےثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفاع پاکستان کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سرفروشوں کی عظمت کو پوری کشمیری قوم خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے۔

اسلام آباد

Defense Day

6th September