Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نائب وزیراعظم کی برطانوی سیکرٹری خارجہ سے ملاقات، علاقائی امور پر گفتگو

اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا
شائع 05 ستمبر 2024 09:21am

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی برطانوی سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے لندن میں ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو کی گئی۔ اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ قریبی تعلقات کو مزید مستحکم اور بہتر شراکت داری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار برطانیہ کے دورے پر لندن پہنچ گئے، ہیتھروائیرپورٹ پر برطانوی حکام نے ڈپٹی وزیر اعظم کا استقبال کیا، اس موقع پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل بھی موجود تھے۔

اپنے دورے کے دوران اسحاق ڈار نے برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے علاوہ مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نائب وزیر اعظم نے پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور برطانیہ کی مضبوط شراکت داری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برٹش پاکستانیوں کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے برطانیہ کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

سیکریٹری خارجہ لیمی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی بطور رکن منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ اور پاکستان کے لیے برطانیہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر اکتوبر 2024 میں منعقد ہونے والی دولت مشترکہ کے سربراہان حکومت کے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

london

Ishaq Dar

DAVID LAMMY

foreing minister

British Foreign Secretary