Aaj News

پیر, ستمبر 16, 2024  
11 Rabi ul Awal 1446  

8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا، گرینڈ اپوزیشن الائنس کا فیصلہ، لاہور سمیت دیگر جلسوں کا بھی اعلان

جلسوں میں 12 اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی، رؤف حسن
اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2024 09:30pm
فوٹو۔۔فائل
فوٹو۔۔فائل

اسلام آباد میں گرینڈ اپوزیشن الائنس تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8 ستمبر کا جلسہ ہر صورت ہوگا۔ رؤف حسن نے پریس کانفرنس میں لاہور سمیت دیگر جلسوں کا بھی اعلان کیا۔ جب کہ بلوچستان کے معاملے پر اے پی سی بلوانے کیلئے لوگوں سے رابطے کرنے کیلئے محمود اچکزئی کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

اجلاس میں محمود خان اچکزائی، عمر ایوب، اسد قیصر ، رؤف حسن، اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں 8 ستمبر کو ہونے والے جلسے کی حکمت عملی طے کی گئی، اجلاس میں ایوان کی آئندہ کی کارروائی پر بھی مشاورت ہوئی، اجلاس میں اختر مینگل سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بھی اراکین کو آگاہ کیا گیا۔

سپریم کورٹ کو تباہ کرنے کی کوشش کی تو احتجاجی تحریک شروع کردیں گے، عمران خان

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ 8 ستمبر کو ہونے والا جلسہ ہر صورت میں ہوگا، 22 ستمبر کو لاہور میں بھی جلسہ ہو گا جبکہ 12 ستمبر کو کرک میں جلسہ ہو گا، جلسوں میں 12 اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں بلوچستان میں دہشت گردی کے معاملے پر بات کی جائے گی۔ اختر مینگل کا استعفی الارمنگ صورتحال ہے، پی ٹی آئی وفد نے اخترمینگل سے ملاقات کی تھی، اختر مینگل نے وعدہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی وفد کی بات مانی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ محمود خان اچکزائی کی سربراہی میں قائم کمیٹی پورے ملک میں دورے کرے گی، ایک ہفتے میں سفارشات پیش کی جائیں گی۔

زر اور زور پر لائی حکومت کی چھٹی کروانی ہے، محمود اچکزئی

محمود اچکزئی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ تمام جماعتیں آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہیں، ایک کمیٹی تشکیل دی ہے وہ جمعرات سے کام کا آغازکرے گی، ہم سب کو مل کر اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنا ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ ’ہم نے زر اور زور پر لائی حکومت کی چھٹی کروانی ہے، بلوچستان پر بولنے والا اتنا مجبور ہوا کہ استعفی دے دیا، پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ ہونا چاہئے، اے پی سی بلوانے کیلئے لوگوں سے رابطے شروع کریں گے۔‘

بلوچستان کے معاملے کو دیکھا جائے گا، لاقانونیت برپا کر دی گئی، لطیف کھوسہ

پریس کانفرنس کے دوران لطیف کھوسہ نے کہا کہ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے، فارم 47 کی حکومت عوام سے لاتعلق ہے، آئین میں ترمیم کی باتیں کی جارہی ہیں، یہ آئین میں ترمیم نہیں کر سکتے، دونوں ایوانوں میں حکومت کے پاس دو تہائی کی اکثریت نہیں ہے۔

لطیف کھوسہ نے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کبھی سنا کہ ایک کیس کے چیف جسٹس تین تین فیصلے کرے، چیف جسٹس نے جو فساد کی بنیاد رکھی اس فیصلے سے لوگوں کے ذہن خراب ہوئے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے امت مسلمہ میں خون خرابے کی کوشش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر کو جلسہ ہو گا اور پورا ملک دیکھے گا کہ جلسہ کیسے ہوتا ہے، محمود خان اچکزائی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں مجھے اور صاحبزادہ حامد رضا کو شامل کیا گیا، ہم نے آل پارٹی کانفرنس کرنی ہے، ہمیں بلوچستان کے حالات پر تشویش ہے، کسی کو حق نہیں کہ وہ غیر محب وطن ہونے کے فتوے جاری کرے۔

اس سے پہلے عمر ایوب نے کہا تھا کہ ہمارے خلاف آئے روز وارنٹ گرفتاری جاری ہوتے ہیں، میں صبح پیشی کیلئےاےٹی سی سرگودھا جارہا ہوں، الائنس تمام چیزوں پر ہوچکا ہے۔ اجلاس میں ساری لیڈرشپ شریک ہوئی۔

آئین میں ترمیم کے کسی بل کی حمایت کی تو نااہل ہوجائیں گے، پی ٹی آئی کی اراکین کو ہدایت

اس سے قبل اسد قیصر نے کہا کہ اخترمینگل سے ملاقات ہوئی جس میں استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کی گئی، اختر مینگل کو اپوزیشن گرینڈ الائنش میں مدعو کیا گیا تھا، اختر مینگل کی جگہ بی این پی کے ساجد ترین اجلاس میں شرکت کے لئے پہنچے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن گرینڈ الائنس کا اجلاس جاری تھا تو اس دوران رؤف حسن اچانک اجلاس سے روانہ ہو گئے، رؤف حسن میڈیا سے بات چیت کئے بغیر روانہ ہوئے۔

پی ٹی آئی 8 ستمبر جلسہ، حکومت کے خصوصی اقدامات

تحریک انصاف 8 ستمبر کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے جا رہی ہے۔ حکومت نے جلسے کے حوالے سے خصوصی اقدامات کرنے شروع کردئیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق معاملات طے نہ پائے تو سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے، جلسے سے قبل اسلام آباد آنے والی موٹروے کو بند کردیا جائے گا، جب کہ لاہور موٹروے سے آنے والی ٹریفک کو بھی روکا جائے گا، ٹی چوک، فیض آباد، جناح ایونیو، سنگجانی ، 26 نمبرچونگی سمیت دیگر سڑکوں کو کنٹینر سے بند کیا جائے گا، سکیورٹی خدشات کے باعث ریڈ زون کے تمام راستوں کو بھی سیل کیا جائے گا۔

پولیس اور ایف سی کی 4 ہزار سے زائد نفری کو اسلام آباد کے مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

federal government

Pakistan Politics

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)