Aaj News

پیر, ستمبر 16, 2024  
11 Rabi ul Awal 1446  

فیکٹ چیک: کیا رونالڈو نے عمران خان سے محبت کا اظہار کیا؟

کیا کرسٹیانو رونالڈو نے عمران خان کی تصویر والی ٹی شرٹ پہنی تھی؟
شائع 03 ستمبر 2024 06:35pm

حال ہی میں سوشل میڈیا پر عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ایک تصویر وائرل ہوئی، جس میں انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی تصویر والی شرٹ پہنے دیکھا گیا، لیکن اب اس وائرل تصویر کی حقیقت سامنے آگئی ہے۔

رونالڈو کی شرٹ پر عمران خان کی تصویر کے ساتھ ”Kaptaan We Love You“ لکھا تھا۔

یہ تصویر 31 اگست کو چوہدری شہزاد گل نامی ایک ایکس صارف نے پوسٹ کی جو اپنی ماضی کی پوسٹس کی بنیاد پر پی ٹی آئی کا حامی دکھائی دیتا ہے۔

پوسٹ کے کیپشن میں لکھا تھا، ’او پٹواریو یہ کیا ہوا؟؟؟ دنیا میں سب سے زیادہ فین فالونگ رکھنے والا تو خود مرشد عمران خان کا فین نکلا۔۔۔۔ اور ڈفرز اس کے مقابلے میں اس دو ٹکے کے گوالمنڈیلا اور زرداری کو کھڑا رکھنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں‘۔

خیال رہے کہ پٹواری ویسے تو پنجاب میں لینڈ ریونیو کے اہلکاروں کا کہا جاتا ہے، لیکن یہ اصطلاح مسلم لیگ (ن) کے حامیوں کیلئے توہین آمیز ضمرے میں استعمال ہوتی ہے۔

اسی تصویر کو دیگر ایکس صارفین نے بھی شیئر کیا تھا جسے یہاں بھی دیکھا جا سکتا ہے، ساتھ ہی ساتھ فیس بک اور یوٹیوب جیسے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی یہ تصویر موجود تھی۔

جب فٹ بال لیجنڈ اور سابق وزیر اعظم کی اس تصویر کے وائرل ہونے پر سچائی کا تعین کرنے کیلئے حقائق کی جانچ شروع کی گئی تو معاملہ کچھ اور نکلا۔

تصویر کی چھان بین کیلئے کی گئی ریورس امیج سرچ کے نتیجے میں 6 مئی 2016 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فٹبال اسٹار کے ایک مداح کے اکاؤنٹ سے کی گئی ایک پوسٹ سامنے آئی، جس کے عنوان کے ساتھ لکھا گیا، ’کرسٹیانو رونالڈو رافیل نڈال اور جواؤ سوسا کے درمیان موتووا میڈرڈ اوپن میں کوارٹر فائنل دیکھ رہے ہیں‘۔

پوسٹ میں منسلک تصاویر میں رونالڈو کو میچ کے دوران وہی سادہ سفید ٹی شرٹ پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ”رونالڈو“ اور ”لیدر جیکٹ“ کیلئے مطلوبہ الفاظ کی تلاش سے برطانوی ٹیبلائڈ ”دی ڈیلی میل“ کی ایک خبر موصول ہوئی ، جو اصل میں 6 مئی 2016 کی تھی۔

رپورٹ میں ایک سادہ سفید ٹی شرٹ کے اوپر سیاہ چمڑے کی جیکٹ میں فٹبالر کی اصل تصویر شامل تھی جس پر خاص طور پر عمران یا کسی اور کی تصویر موجود نہیں تھی۔

لہٰذا حقائق کی جانچ پڑتال سے ثابت ہوا کہ رونالڈو کے عمران کی حمایت میں ٹی شرٹ پہننے کا دعویٰ غلط ہے۔

یہ تصویر مئی 2016 کی ہے اور سفید ٹی شرٹ پر عمران کی تصویر ایڈٹ کرکے شامل کی گئی تھی۔ جب کہ اصل تصویر میں رونالڈو کو سادہ سفید ٹی شرٹ پہنے دکھایا گیا ہے۔

imran khan

Cristiano Ronaldo

Fact Check