Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر سمندر میں غرقاب، 3 اہلکار بھی ڈوب گئے

ہیلی کاپٹر نے ریسکیو آپریشن کے دوران ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی اور پانی میں جاگرا
شائع 03 ستمبر 2024 05:07pm

بھارتی کوسٹ گارڈ کا ایک ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے کے دوران بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کرتے ہوئے گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر پوربندر سے تقریباً 45 کلومیٹر دور سمندر میں ایک کشتی میں سوار عملے کے بیمار رکن کو میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ریسکیو کرنے پہنچا تھا۔

ریسکیو آپریشن کے دوران بھارتی کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، تاہم، وہ گر کر سمندر میں ڈوب گیا۔

ہیلی کاپٹر میں چار اہلکار سوار تھے جن میں سے تین سمندر میں ڈوب گئے جب کہ صرف ایک کو بچایا جا سکا۔

حادثے میں لاپتا ہونے والے تین اہلکاروں کی تلاش مں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں چار بحری جہاز اور دو طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

بحریہ کو ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا ہے۔ لیکن ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہوسکا۔

تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ موسم کی خرابی حادثے کی ایک وجہ ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی کوسٹ گارڈ کے اس ہیلی کاپٹر نے ریاست گجرات میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب میں 67 جانیں بچائی تھیں۔

گزشتہ رات بھارتی فضائیہ کا ایک مگ-29 لڑاکا طیارہ راجستھان کے ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ پائلٹ نے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی۔

بھارتی فضائیہ میں گزشتہ 30 برسوں میں 535 جہاز فضائی حادثوں کا شکار ہوئے جب کہ پانچ برسوں کے دوران 46 فضائی حادثات میں ہلاک ہونے والے بھارتی پائلٹس کی تعداد 42 ہے۔

Indian Navy

Indian Helicopter Crash

Rescue Helicopter Crash