معیشت کے استحکام کیلئےآئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کررہے ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کے استحکام کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل کررہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ تمام شرائط وقت پر پوری ہوجائیں گی، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہورہا ہے، ہم نے تیزی سےآگے بڑھنا ہے اور محصولات کی مد میں بدعنوانی کو ختم کرنا ہے، یہ کٹھن سفر ہے لیکن ناممکن نہیں ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سب ملکر محنت کر رہے ہیں، مہنگائی کا بوجھ آہستہ آہستہ کم ہورہا ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی آرہی ہے اور اگست میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈجٹ میں آگئی، جس پر وزارت خزانہ،اسٹیٹ بینک اورمتعلقہ وزارتیں تعریف کے لائق ہیں، گزشتہ سال اگست میں مہنگائی کی شرح 27 فیصد کے قریب تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سفر طویل ہے، ہم نے تیزی سے آگے بڑھنا ہے، ہمیں معیشت میں مزید استحکام اور بہتری لانی ہے، اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز ہے، روزگار کے مؤثر مواقع پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، معدنیات اور قدرتی وسائل موجود ہیں، اخراجات کم کرنے کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے، رائٹ اور ڈاؤن سائزنگ کے ساتھ گردشی قرضے بھی کم کرنا ہے، محصولات کی مد میں بدعنوانی کو ختم کرنا ہے، اسمگلنگ کا خاتمہ کرنا ہے، یہ کٹھن سفر اور مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، پورا یقین ہے اپنی منزل تک پہنچیں گے، اپنے اہداف پر فوکس رہنا ہوگا، عملی بصیرت پر ہماری کمٹمنٹ باتوں، پیپر اور سمری سے زیادہ ہونی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ دن رات محنت کرنے والی قوموں نے اپنے حالات بہتر کرلیے ہیں، پاکستانی قوم خصوصا نوجوان باصلاحیت ہیں، پاکستان کے کروڑوں لوگ بہت قابل ہیں، یہاں کسی چیز کی کمی نہیں، معدنیات، قدرتی وسائل ہیں، حالات میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط پوری کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ تمام شرائط وقت پر پوری ہوجائیں گی اور بورڈ میں ہمارا کیس جائے گا اور منظوری کے بعد ایک نیا سفر شروع ہوگا اور ہمیں یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہونا چاہیئے۔
Comments are closed on this story.