Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہبازشریف کا مہنگائی سنگل ڈیجٹ آنے پر اطمینان کا اظہار

ملک میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد تک گرنا حادثہ نہیں، نتائج ہیں، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2024 11:20am

وزیراعظم شہبازشریف نے مہنگائی سنگل ڈیجٹ آنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگست میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد تک گرنا کوئی ’حادثہ ’نہیں بلکہ حکومتی کارکردگی کے ’نتائج‘ ہیں۔

ادارہ برائے شماریات نے گذشتہ روز کہا تھا کہ گذشتہ ماہ اگست میں پاکستان کی سالانہ افراطِ زر (مہنگائی) کی شرح 9.6 فیصد تک گر گئی ہے اور تقریباً تین سالوں میں پہلی بار یہ شرح واحد ہندسے پر آئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ حکومتی کارکردگی کے نتائج ہیں، میری توجہ عام آدمی کو ریلیف دینے پر ہے، ابھی ہمارا کام مکمل نہیں ہوا اور ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے لیکن ہم حقیقی ترقی کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے مہنگائی کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے اور معیشت ترقی کر رہی ہے، ماہِ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 3 برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے، افراطِ زر میں کمی وزارت خزانہ کی معاشی آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کے عین مطابق ہے، ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق جاری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں مہنگائی تقریباً 3 سال بعد سنگل ڈیجٹ پر آگئی اور اگست میں مہنگائی کی شرح 9.64 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کی گئی، اعداد و شمار کے مطابق افراط زر کی شرح 34 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے جو اگست میں 9.64 فیصد رہی یعنی اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگست 2024 میں سالانہ بنیادوں پر کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد رہی، جو پچھلے مہینے میں 11.1 فیصد تھی، یوں ماہانہ مہنگائی کی شرح 0.39 فیصد رہی جب کہ اگست 2023 میں مہنگائی کی شرح 27.4 فیصد تھی۔

اس طرح مالی سال 2025 کے پہلے 2 ماہ جولائی اور اگست کے دوران اوسط مہنگائی ڈبل ڈیجٹ 10.36 فیصد رہی جو پچھلے مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 27.84 فیصد تھی۔

اس سے قبل آخری بار ملک میں مہنگائی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے دوران اکتوبر 2021 میں سنگل ڈیجٹ ریکارڈ کی گئی تھی اور پی ٹی آئی حکومت جانے کے بعد پہلی بار اب مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آئی ہے۔

ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ اگست میں شہروں میں مہنگائی 0.27 اوردیہاتوں میں 0.55 فیصد بڑھی جس کے بعد اگست میں شہروں میں مہنگائی کی شرح 11.71 فیصد اور دیہات میں یہ شرح 6.73 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد

Inflation

PM Shehbaz Sharif

Pakistan Inflation

INFLATION RATE