Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ حکومت کا کے پی ٹی سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ

یہ نیا ایکسپریس وے 12.5 کلومیٹر اوپر بنے گا باقی نیچے ہوگا، وزیراعلیٰ سندھ
شائع 02 ستمبر 2024 02:37pm

سندھ حکومت نے کراچی پورٹ ٹرمینل (کے پی ٹی) سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ بورڈ کا 45 واں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، مشیر لائیو اسٹاک، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی پورٹ ٹرمینل سے جام صادق پل تک ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ نیا ایکسپریس وے 12.5 کلومیٹر اوپر بنے گا باقی نیچے ہوگا۔

مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو پی پی پی یونٹ کے ساتھ منصوبے کو آخری شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ روڈ کے پی ٹی ٹرمینل تا جام صادق پل کے پاس ملیر ایکسپریس وے سے ملے گا، کے پی ٹی سے جام صادق پل تک پورٹ کی ہیوی ٹریفک کو موٹروے تک راستہ مل جائے گا، پی پی پی موڈ پر یہ سندھ حکومت اپنے وسائل سے سڑک بنائے گی، منصوبے کی پوری الائمنٹ بناکر دی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم ہورہا ہے جس کی عمارت 20 منزلہ ہوگی، سندھ حکومت پروجیکٹ کے لیے 1.7 ارب روپے مختص کرچکی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو آگاہ کیا گیا کہ کویت کی انرٹیک کمپنی پروجیکٹ کرنا چاہتی ہے، انرٹیک کے ساتھ تمام کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ این ای ڈی ٹیکنالوجی پارک کی عمارت 20 منزلہ ہوگی، این ای ڈی ٹیک پارک میں انرٹیک،سندھ حکومت/ محکمہ سرمایہ کاری، این ای ڈی کے شیئر ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے محکمہ جنگلات کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایک لاکھ ایکٹر جنگلات قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 2017 کی ڈبلیو ڈبلیو ایف کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جنگلات 6 فیصد پر ہیں، کم سے کم جنگلات کل رقبہ کا 25 فیصد ہونا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بری طرح متاثر ہیں، مٹیاری اور جامشورو کے کچے کے علاقے پر جنگلات لگائے جائیں گے، پہلے مرحلے میں 34 ہزار 995 ایکڑ پر جنگلات لگائے جائیں گے جس کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ نے منصوبہ کی منظوری دے دی ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ نے ماربل سٹی منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ منصوبے میں ماربل گرینائیٹ کے علاوہ متعلقہ انڈسٹری بھی لگائی جائے گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ماربل سٹی منصوبہ مکمل کرنے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اب اس منصوبہ کو ہر صورت فائنل کرکے شروع کریں، ماربل سٹی پر ماربل گرینائیٹ کے علاوہ متعلقہ انڈسٹری بھی لگائی جائے گی، ماربل سٹی سے ایکسپورٹ بھی بڑھے گی، ماربل سٹی 300 ایکڑ پر نارتھرن بائی پاس کے قریب قائم ہو رہا ہے، ماربل سٹی کراچی پورٹ سے 40 کلومیٹر، پورٹ قاسم سے 60 کلومیٹردور ہے۔

CM Sindh

Murad Ali Shah

karachi

development projects

Syed Murad Ali Shah

KPT

Express Way

karachi port terminal