Aaj News

پیر, دسمبر 30, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

میانوالی: پولیس نے چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا، ایک جوان زخمی

12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے قبول خیل چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا
شائع 02 ستمبر 2024 10:31am

پنجاب کے شہر میانوالی کے تھانہ عیسیٰ خیل کی قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جسے پنجاب پولیس نے ایک بار پھر بھرپور قوت سے ناکام بنا دیا جبکہ حملے کے دوران ایک جوان زخمی ہوگئے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق گزشتہ رات 12 سے 14 خوارجی دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر تھانہ عیسی خیل میانوالی کی قبول خان پولیس چیک پوسٹ پر راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا۔

چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ تھے جبکہ شدید جوابی فائرنگ کے نتیجے میں بزدل دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات ایک جوان بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا جبکہ دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

کرم میں دہشت گردوں کا پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 3 اہلکار زخمی

حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او میانوالی اختر فاروق فوری طور پر چیک پوسٹ پہنچے وہ بالائی مورچے پر خود گئے اور جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر شاباش دی اور ان کا حوصلہ بڑھایا جبکہ ڈی ایس پی عیسی خیل اور ایس ایچ او بھاری نفری کے ساتھ پولیس چیک پوسٹ پر موجود ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور جوابی کارروائی میں مفرور دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچنے کے امکانات ہیں۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او میانوالی اور چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشت گردوں کا یہ 9 واں حملہ ہے جو ناکام بنایا گیا، پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔

میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا

سوات میں بنڑ پولیس چوکی پر نامعلوم افراد کا حملہ، ایک اہلکار شہید

عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس انشا اللہ آئندہ بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے گی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے۔

میانوالی میں چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو شاباش دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تھانہ عیسیٰ خیل کی چیک پوسٹ پر تعینات پولیس کے جوانوں نے جرات کے ساتھ 14 خارجی دہشتگردوں کو مار بھگایا، رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے والے خارجی دہشت گردوں کو پولیس نے دندان شکن جواب دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پولیس جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دلیری کو سراہتا ہوں، خارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پنجاب پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس نے سیسہ پلائی دیوار کا کردار ادا کیا ہے جو لائق تحسین ہے۔

check post

Mianwali

Punjab police

check post attack

POLICE CHECKPOST