Aaj News

اتوار, جنوری 05, 2025  
04 Rajab 1446  

قومی بیس بال انڈر18 ٹیم پر ایشین چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے پر پابندی اور جرمانہ کا خدشہ

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ٹیم کو شرکت سے روکا، تاہم اب شرکت کیلئے منگل تک کی مہلت مل گئی
شائع 01 ستمبر 2024 05:33pm
فوٹو۔۔۔فائل
فوٹو۔۔۔فائل

قومی انڈر18 بیس بال ٹیم پر ایشین انڈر18 بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت نہ کرنے پر پابندی اور جرمانہ کا خدشہ ہے۔ بیس بال فیڈریشن ایشیا کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کیلئے آخری مہلت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی انڈر18 بیس بال ٹیم کو ایشین انڈر18 بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت سے روک دیا تھا۔ تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال کو ایونٹ میں شرکت کیلئے بیس بال فیڈریشن ایشیا کی جانب سے منگل تک کی مہلت دی گئی ہے۔ ایشین انڈر 18بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے مہلت دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق چائنیز تائی پے میں بی ایف اے کا اجلاس ہوا۔ جس میں اجازت دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ٹیم منگل کی صبح تک رپورٹ کر سکتی ہے، چیمپئن شپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان کی عدم شرکت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔

کیریبیئن پریمیئر لیگ میں کون سے پاکستانی کرکٹرز ایکشن میں نظر آئیں گے؟

بی ایف اے نے پاکستان کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ بی ایف اے کی انٹیگریٹی کمیٹی معاملے کا جائزہ لے رہی ہے، ٹیم نے شرکت نہ کی تو بھاری جرمانہ اور پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین انڈر 18بیس بال چیمپئن شپ کیلئے ٹیم کو این او سی جاری نہیں کیا تھا۔ چیمپئن شپ 30 اگست سے 9 ستمبر تک چائنیز تائی پے میں شیڈول ہے، 34 رکنی دستے نے گزشتہ شب روانہ ہونا تھا۔

چند منٹ میں لاکھوں سبسکرائبر: رونالڈو کا یوٹیوب چینل گنیز بک میں شامل

خیال رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس بی کو خدشہ تھا کہ دستہ جعلی وجوہات کی بنیاد پر روانگی کی کوشش کرسکتا ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے سے درخواست کی گئی تھی کہ دستے کی کسی ایک رکن کی بھی روانگی کی کوشش کو روکا جائے۔

سیکرٹری بیس بال فیڈریشن کی حکومت سے این او سی جاری کرنے کی استدعا

اس حوالے سے سیکرٹری پاکستان بیس بال فیڈریشن سید فخر علی شاہ کا مؤقف ہے کہ ہماری حکومت سے استدعا ہے کہ این او سی جاری کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹیم پر پابندی لگے اور نہ جرمانہ عائد ہو، کاغذات کے حوالے سے ہر طرح کی وضاحت دینے کے لیے تیار ہیں، پاکستان، بی ایف اے کے ایونٹس میں حصہ لیتا ہے، اب پابندی لگنے کا خدشہ ہے جو ہم نہیں چاہتے۔

sports

Pakistan Federation Baseball

Pakistan national baseball team