Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر صدر اور وزیر اعظم کا اہم پیغام

قید و بند کی صعوبتیں بھی سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں، صدر ،وزیراعظم
شائع 01 ستمبر 2024 10:44am

کشمیری رہنما سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور خودارادیت کی جدوجہد کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی قیدو بند کی صعوبتیں بھی عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کی تحریک کا معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے، وہ کشمیری تحریک کے ایک عظیم رہنما تھے جن کا جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین تھا، انہوں نے پوری زندگی اس مقصد کے لیے وقف کردی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کشمیر کے عوام کی آزادی اور ان کی خودارادیت کی جدوجہد کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں، ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک اس جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مملکت آصف زرداری

مرحوم سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے عظیم کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی جراتمندانہ جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، سید علی گیلانی دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سید علی گیلانی نے بے شمار کشمیریوں کو خودارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا، کشمیری عوام کے جائز مقصد کے لیے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنما تھے، جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل تھا، قابض بھارتی افواج کی جانب سے قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کیلئے آواز اٹھاتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قید و بند سمیت اُن کی ذاتی مشکلات ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور نہ ہی وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹے، گیلانی صاحب نے ہمیشہ اپنی توجہ حتمی مقصد پر مرکوز رکھی، کبھی بھی کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی جدوجہد سے ہٹنے نہیں دیا، سید علی شاہ گیلانی کا ورثہ ایک طاقتور محرک ہے جو آج بھی کشمیری عوام کو تحریک دیتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ سید علی گیلانی کی قیادت اور جبر کے خلاف اُن کی ثابت قدمی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر گہرے نقوش چھوڑے، سید علی شاہ گیلانی اور بے شمار دیگر افراد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، سید علی شاہ گیلانی کی مثالی بہادری اور آزادی و انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی سے سبق حاصل کرنا چاہیئے، اللہ تعالیٰ سید علی شاہ گیلانی پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

azad kashmir

Indian occupied Kashmir

اسلام آباد

Death Anniversary

Hurriyat leader

PM Shehbaz Sharif

Jammu and Kashmir

Syed Ali Gillani