Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سب ٹائٹلز فلموں کی کامیابی یا ناکامی کا باعث بننے لگے

فلم میکرز کووڈ میں مقبول ہونے والے رجحان کو برقرار رکھنے پر خاص توجہ دے رہے ہیں۔

آج کل دنیا کے ہر حصے کی فلم انڈسٹری میں سب ٹائٹلز فلم کی کامیابی یا ناکامی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ سب ٹائٹلز کسی بھی فلم کے مکالموں کو دوسری زبانوں میں اسکرین پر پیش کرنے کو کہتے ہیں۔

سب ٹائٹلز کی مقبولیت اس لیے بڑھی ہے کہ اس صورت میں بہت سے لوگ ایسی فلمیں دیکھ سکتے ہیں جو اصل زبان میں دیکھنے پر اُن کی سمجھ میں بالکل نہ آئیں۔

ہالی وڈ کی فلمیں دنیا بھر میں اس لیے مقبولیت حاصل کر رہی ہیں کہ کسی بھی ملک کے لوگ تمام مکالمے اپنی زبان میں پڑھ سکتے ہیں۔ اس صورت میں وہ کہانی بھی سمجھ پاتے ہیں اور جملوں کی خوبصورتی سے بھی بہت حد تک محظوظ ہو پاتے ہیں۔

بالی وڈ نے ھی اس تکنیک کے ذریعے اپنی فلموں کو کامیابی سے ہم کنار کیا ہے۔ جنوبی ہند کی بہت سی فلمیں ہندی اور دیگر زبانوں کے سب ٹائٹلز کے ساتھ پورے ملک میں دیکھی اور پسند کی جاتی ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ سب ٹائٹلز کسی بھی فلم کی مقبولیت میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ اگر ترجمہ کرنے والے نا اہل ہوں تو فلم کے سب ٹائٹلز والے ورژن کا بیڑا غرق ہو جاتا ہے۔

بھارت سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے دوران سب ٹائٹل والی فلمیں بہت پسند کی گئیں۔ لوگوں نے دنیا بھر کی فلمیں انگریزی سب ٹائٹلز کے ساتھ دیکھیں اور اپنا وقت اچھی طرح گزارا۔

بھارت مییں 23 سرکاری زبانیں ہیں۔ 2020 تک صرف ہندی اور انگریزی ہی کا چلن تھا۔ کووڈ کے دوران بہت سی علاقائی فلمیں انگریزی یا ہندی سب ٹائٹلز کے ساتھ پیش کی گئیں تو لوگوں کو بہت مزا آریا۔ اور اب سب ٹائٹلز والی فلمیں دیکھنے کا ٹرینڈ بہت مضبوط ہوچکا ہے۔ اس کے نتیجے میں بہت سی علاقائی زبان کی فلموں کو بھی مقبولیت ملی ہے اور متعلقہ فلم انڈسٹری بھی مقبول ہوئی ہے۔

سب ٹائٹلز کی مقبولیت ہی کی بدولت اب چین، جنوبی کوریا، ایران، ملائیشیا، برازیل، ارجنٹائن، اسپین، فرانس، جرمنی، سوئیڈن، روس، منگولیا، ازبکستان، ترکیہ، مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقا اور دیگر خطوں کی فلمیں بھی دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔ سب ٹائٹلز نے عام آدمی کو دنیا بھر کی فلموں سے کماحقہ محظوظ ہونے کا مزاج اور شعور بخشا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ سب ٹائٹلز والی فلمیں لوگوں کی فکری سطح بھی بلند کر رہی ہیں۔ بیشتر ملکوں کی فلم انڈسٹری اب سب ٹائٹلز والے ورژن تیار کرنے پر بہت توجہ دیتی ہیں تاکہ دنیا کو معیاری تخلیق پیش کی جاسکے۔

hollywood

Bollywood

SUB TITLES

KEY ROLE IN SUCCESS

COVID PROMOTED

REGIONAL FILMS