Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

وادی کمراٹ میں پھنسے 200 سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

بچائے گئے تمام سیاحوں کو کھانا اور دیگر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، ترجمان کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی
شائع 31 اگست 2024 05:25pm

خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اپر دیر ضلع کی وادی کمراٹ میں پھنسے ہوئے دو سو سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ”ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان“ (اے پی پی) سے بات کرتے ہوئے اتھارٹی کے ترجمان نے کہا کہ دوجنگلا، کالا چشمہ اور آبشار سے بازیاب کرائے گئے سیاحوں کو گرینڈ پیلس ہوٹل لے جایا گیا ہے جہاں سے انہیں کالام منتقل کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ بچائے گئے تمام سیاحوں کو کھانا اور دیگر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ ریسکیو آپریشن میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کمراٹ میں شدید بارشوں کی وجہ سے سڑکیں بند ہونے کے بعد سیاح پھنسے ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ اپر دیر کی تحصیل میدان میں شدید بارشوں کے باعث چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 13 افراد کے جاں بحق ہونے کے ایک روز بعد سیاحوں کو بچایا گیا ہے۔

پاکستان میں مون سون کا موسم جولائی سے اگست تک ہوتا ہے اور اس دوران عام طور پر ہر ماہ تقریباً 255 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔

حکومت اور بین الاقوامی امدادی اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق، 2022 میں، مون سون کی بارشوں نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا، جس میں 75,000 سے زیادہ گھر تباہ ہوئے اور 130,000 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

28 اگست کو جاری ہونے والی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کے پی میں مون سون کے موجودہ اسپیل کی وجہ سے جولائی سے 28 اگست تک 74 افراد ہلاک اور 128 زخمی ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو مہینوں میں بارش سے متعلقہ واقعات کی وجہ سے 906 مکانات کو نقصان پہنچا۔

کے پی پی ڈی ایم اے کے مطابق ، 29 جولائی سے یکم اگست تک صوبے میں شدید بارشوں کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوئے۔

17 اگست کو صوابی کے ایک نالے میں ایک مقامی حکومت کا نمائندہ تیز دھارے میں بہہ گیا ، اور بنوں میں دیوار گرنے کے واقعے میں ایک نابالغ لڑکا جاں بحق ہو گیا۔

Kumrat Valley

Tourist Stuck