Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

بغداد ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانی زائرین کی واپسی کا عمل مکمل

پاسپورٹ گم ہونے کے باعث زائرین ایئرپورٹ پر پھنس گئے تھے
شائع 31 اگست 2024 07:01pm

بغداد ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانی زائرین کی واپسی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، دو پروازوں کے ذریعے 688 پاکستانی زائرین کو وطن واپس لایا گیا، پاسپورٹ گم ہونے کے باعث زائرین ایئرپورٹ پر پھنس گئے تھے۔

عراق میں بغداد ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانی زائرین کی پہلی پرواز 300 افراد کو لے کر آج صبح کراچی پہنچی۔

دوسری پرواز ہفتہ کی دوپہر کو متوقع تھی جو بقیہ مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی۔

اسلام آباد میں گورنر سندھ سے رکن قومی اسمبلی عبد الحمید نے ملاقات کی اور عراق میں پھنسے افراد کی وطن واپسی کی کاوشوں پر گورنرکا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل گورنر سندھ نے عراق کے سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس پر سفیر نے یقین دہانی کروائی کہ زائرین کی جلد وطن واپسی کیلئے بھرپوراقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عراق میں بغداد ایئر پورٹ پر 50 سے زائد پاکستانی زائرین کے پاسپورٹ ائر پورٹ امیگریشن انتظامیہ سے گم ہو گئے، اربعین کے موقع پر عراق جانیوالے پاکستانی زائرین کو وطن واپسی پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی زائرین کا کہنا تھا کہ صبح 4 بجے سے بغداد ائر پورٹ پر موجود ہیں، پرواز صبح 9 بجے ہمیں بغداد میں چھوڑ کر اسلام آباد روانہ ہوئی۔

بغداد میں پھنسے زائرین نے مزید بتایا تھا کہ ہمارے پاسپورٹ انتظامیہ کو نہیں مل رہے، نہیں بتایا جا رہا کہ اب ہم وطن کب اور کیسے واپس جائیں گے۔

پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے مدد کی اپیل کی تھی۔

زائرین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ ہنگامی طور پر خصوصی پرواز سے پاکستانیوں کی فوری واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

پاکستان

Iraq