Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبر پختونخوا میں طوفانی بارش، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، سیکڑوں سیاح اور 100 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں

خانہ بدوش میں 100 سے زائد افراد پھنسے ہیں، سیاح
شائع 30 اگست 2024 08:51pm

ایبٹ آباد میں ٹھنڈیانی روڈ پر کالا باغ کے مقام پر متعدد علاقے لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے جبکہ سو سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں درجنوں دیہاتوں کا رابطہ بھی شہر سے منقطع ہوگیا۔ دیربالا میں طوفانی بارش اور کوہستان سے آئے سیلابی ریلوں کے بعد سیاحتی مقام کمراٹ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، کمراٹ میں موجود سیکڑوں سیاح پھنس گئے۔

ایبٹ آباد کے سیاحتی مقام ٹھنڈیانی روڈ پر کالا باغ کے قریب بھاری لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹھنڈیانی روڈ بلاک ہوگیا جس سے درجنوں دیہاتوں کا رابطہ شہر سے منقطع ہوگیا جبکہ ٹھنڈیانی سے آنےوالے سیاحوں اور مقامی لوگوں کی سو سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں۔

لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں متعدد مکانات بھی آگئے جس سے لوگوں کا لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔ ریسیکو ٹیمیں روڈ کی بحالی اور متاثرہ لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ گلیات میں بڑاہوترروڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد مقام پر بند ہوگیا، جس سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مسلسل بارش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف دیربالا میں طوفانی بارش اورکوہستان سے آئے سیلابی ریلوں کے بعد سیاحوں کا کہنا ہےکہ کمراٹ کے مقام خانہ بدوش میں 100 سے زائد افراد پھنسے ہیں، گذشتہ رات 8 بجے ریلے نے تباہی مچائی ہے، جس کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ تمام سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنرکا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ٹیمیں کمراٹ کے متاثرہ مقام پر پہنچ گئی ہیں، جلد امدادی کارروائیاں شروع کررہے ہیں ۔

وادی کمراٹ کے مختلف مقامات پر پھنسے سیکڑوں افراد نکالنے کیلئے انتظامیہ کی مدد کی منتظر ہیں۔

ہری پور میں مکانات تباہ، کئی مویشی ہلاک

ہری پور میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں متعدد مکانات گر گئے، ناڑہ امازئی میں 2 مکانات گرنے سے متعدد مویشی ہلاک ہو گئے۔

گاؤں کنیرمیں مکان گرکرتباہ ہو گیا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بیساکھ گاؤں میں مکان گرنے سے درجنوں مویشی ہلاک ہو گئے۔

سرائے نعمت خان میں مکان اور تربیلہ غازی میں دکان کی چھت گرگئی، قیمتی سامان ملبے تلے دب گیا۔

KPK