Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں درخت گرنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق

چائناپورٹ پر ہوا کے تیز جھکڑسےکنٹینر الٹ گئے
اپ ڈیٹ 30 اگست 2024 11:13pm

کراچی میں ہواؤں کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی جس کے سبب شہر میں متعدد جگہ درخت اور سائن بورڈز گرگئے، جبکہ چائنا پورٹ پر ہوا کے تیز جھکڑسے کنٹینر الٹ گئے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ بھی کیا۔

پیپلز چورنگی پر تیز ہواؤں کے باعث درخت گرگیا، درخت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

حکام کے مطابق پیپلزچورنگی سے کوریڈور تھری کی جانب جانے والا راستہ بند ہوگیا۔ درخت گرنے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو صدر دواخانہ سے لکی اسٹار کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔

لیاقت آباد 10 نمبر میں تیز ہواؤں سے درخت گر گیا، رخت کے نیچے متعدد موٹر سائیکلیں دب گئیں۔ عوام اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

چائناپورٹ پر ہوا کے تیز جھکڑسےکنٹینر الٹ گئے۔ کنٹینر الٹ جانے کاواقعہ ساؤتھ ایشیا پورٹ ٹرمینل پر پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق حادثے میں کوئی جانی یامالی نقصان نہیں ہوا۔ کنٹینرز خالی تھے تیز ہواؤ ں سے اپنی جگہ پر برقرار نہ رہ سکے جبکہ چائنا پورٹ کے آپریشنز میں واقعے سے کوئی خلل پیدا نہیں ہوا۔

گلشن اقبال بیت المکرم مسجد کے قریب درخت گرنے کا واقعہ سامنے آیا، جس میں ایک خاتون درخت کے نیچے آکر انتقال کر گئیں۔

واضح رہے کہ بیت المکرم مسجد کے اطراف کا سرسبز علاقہ ہے جہاں بڑے بڑے درخت موجود ہیں۔ کراچی میں گزشتہ تین روز سے بارش کا سلسلہ وفقے وفقے سے جاری ہے اور ہوا کا دباؤ بھی زیادہ ہے۔

ریسکیوعملے کے مطابق خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جبکہ خاتون کی لاش کو سول ااسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ایک اور واقعہ گلستان جوہر بلاک 10 میں رونما ہوا، جبکہ ریسکیو 1122 کے مطابق تیسرا واقعہ گلشن اقبال بلاک 17 میں سٹی وارڈن کے دفتر کے پاس رونما ہوا، جہاں درخت بجلی کے تاروں پہ جا گرا جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

تیزہواؤں کے باعث سندھ سیکریٹریٹ میں درخت گرگیا، درخت گاڑی پرگرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا، خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی کا ہنگامی دورہ

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کے ہمراہ وزیر بلدیات سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے سی پی ایس پمپنگ اسٹیشن کا دورہ کی، اور پمپنگ اسٹیشن کی نکاسی کا جائزہ لیا۔

karachi

Karachi Rain