Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 5 دہشت گرد ہلاک

کارروائیاں 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کے پس منظر میں کی گئیں، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 30 اگست 2024 02:24pm

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں ضلع کچ، پنگور اور ثوب میں انیٹلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ رات کارروائیوں میں شدید فائرنگ سے 3 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں 26 اگست کو بلوچستان میں دہشت گردی واقعات کے پس منظر میں کی گئیں، ان آپریشنز کا مقصد گھناونی کاروائیوں میں ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خاتمہ تک آپریشن جاری رکھے جائیں گے، سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن ترقی اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں 14 اہلکاروں سمیت 50 افراد کو قتل کردیا تھا جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات میں نامعلوم مسلح افراد نے مستونگ، قلات، پسنی اور سنتسر میں لیویز اور پولیس تھانوں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں متعدد اموات ہوئیں۔

سبی، پنجگور، مستونگ، تربت، بیلہ اور کوئٹہ میں دھماکوں اور دستی بم حملوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں، حکام نے تصدیق کی کہ حملہ آوروں نے مستونگ کے بائی پاس علاقے کے قریب پاکستان اور ایران کو ملانے والے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑا دیا۔

ISPR

بلوچستان

DG ISPR

balochistan terror attacks