Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی چیف ایڈوائزر محمد یونس سے رابطہ، مل کر کام کرنے پر اتفاق

شہباز شریف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا
شائع 30 اگست 2024 11:26am

وزیراعظم شہبازشریف اور بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائرز محمد یونس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز وزیراعظم شہباز شریف کا بنگلہ دیشی حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

وزیراعظم نے ٹیلی فونک رابطے میں پروفیسر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی دی، انہوں نے بنگلہ دیش کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا۔

شہباز شریف نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام سے اظہارِ ہمدردی کیا جبکہ وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا کر دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

بنگلہ دیش میں سیلاب سے تباہی، بھارت پر الزام

ٹیلی فونک رابطے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں کا تذکرہ کیا جبکہ وزیراعظم نے دو طرفہ تجارتی تعلقات، ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کے فروغ کی خواہش کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں کا پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ وسیع تر علاقائی تعاون جنوبی ایشیا کے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

دوسری جانب پروفیسر محمد یونس نے ٹیلی فون کال پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

بنگلا دیش میں سیلاب، بھارتی میڈیا آگ لگانے پر تُل گیا

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کو خط لکھتے ہوئے سیلابی صورت حال پر بنگلہ دیش کو مدد کی پیشکش بھی کی تھی۔

اسلام آباد

Bangladesh

telephone

PM Shehbaz Sharif

BANGLADESH CRISIS

Bangladesh Flood

chief adviser muhammad yunus