Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دیربالا میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے 7 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق

جاں بحق افراد میں 4 خواتین، 7 بچے اور ایک مرد شامل ہے، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے
اپ ڈیٹ 30 اگست 2024 02:35pm

خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے 7 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا اور تمام لاشیں نکال لی گئیں۔

گزشتہ شب شدید بارشوں کے باعث دیر بالا کے علاقے پاتراک میدان میں ولی محمد نامی شخص کے گھر پر بھاری پتھر اور مٹی کا تودہ آنے سے مکان کی چھت گرگئی، جس کے ملبے تلے 12 افراد دب گئے تھے۔

رات بھر شدید بارش اور اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن میں مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن رات بھر ملبہ ہٹانے کا کام جاری رہا۔

درجنوں مقامی افراد اور ریسکیو اہلکار امدادی کاروائیوں میں مصروف رہے جبکہ ریسکیو آپریشن میں سول ڈیفنس، پولیس اور دیر لیویز کے جوانوں نے حصہ لیا۔

علی الصبح 7 بجے کے قریب ریسکیو آپریشن مکمل کرکے 3 خواتین، 2 مرد اور 7 بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں، لاشوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جبکہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

افسوسناک واقعے پر پورا علاقہ سوگوار ہے، آج گھر کے دیگر افراد جو کام کے سلسلے میں علاقے سے باہر تھے ان کے پہنچنے کے بعد تدفین کی جائے گی۔

دوسری جانب وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوسناک واقعے کا سن کر دلی صدمہ ہوا، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے ورثا کے لیے مالی امداد کا بھی اعلان کیا گیا۔

دوسری جانب سندھ کے علاقے کوٹری میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔

ادھر پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے بورے والا میں طفیل آباد کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل رکشہ کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔

Rain

Landsliding

dir bala

mudslide