Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

خواہش ہے سندھ کے عوام کو صوبائی حکومت کی جانب سے سستی بجلی کی فراہمی ممکن ہو، بلاول بھٹو

غریبوں کو سولر پینل دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، بلاول
شائع 29 اگست 2024 04:46pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام کو فراہم کی جانے والی بجلی مہنگی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی جانب سے سستی بجلی فراہم کریں۔

کراچی میں مستحق افراد میں سولر ہوم سسٹم کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت کا منصوبہ پاکستان پیپلز پارٹی کے غریبوں کو سہولیات دینے کے منشور کے مطابق ہے، غریبوں کو سولر پینل دینا ہمارے منشور کا حصہ ہے، ہماری سوچ تھی اگر پیپلز پارٹی کو وفاق میں حکومت ملے تو ہم پورے ملک ایسے منصوبے لے کر آئیں جس سے ہم پاکستان کے غریب ترین طبقے کو انتہائی کم قیمت یا مفت میں سولر پینل فراہم کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت میڈیا اور نگراں حکومت کے نمائندوں نے پیپلز پارٹی پر بہت تنقید کی گئی لیکن اب پورا ملک سوچ رہا ہے کہ ہم نے غریب عوام کو کم قیمت میں بجلی فراہم کرنی ہے، پیپلز پارٹی ایسے منصوبے چاہتی ہے جنہیں پورا کرنا ممکن ہوں، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ غریب لوگ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہیں، ان غریب افراد کے لیے سندھ حکومت نے ورلڈ بینک سے مل کر یہ منصوبہ شروع کیا ہے جس کے پہلے بینیفشری لاڑکانہ اور کراچی کے غریب عوام ہیں، یہ مںصوبہ سندھ کے دوسرے شہروں میں بھی شروع کریں گے، پیپلز پارٹی نوکری پیشہ اور مڈل کلاس طبقے کو بھی سبسڈی فراہم کرکے یہ سہولت پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے تھرکول منصوبے کے ذریعے عوام کو سستی بجلی پہنچائی ہے، سندھ حکومت ونڈ پاور میں بھی سرمایہ کاری کررہی ہے جس میں نجی شعبہ کو بھی دعوت دی جارہی ہے کہ وہ آئے اور پاکستانی معیشت میں اپنا حصہ ڈالے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ میں ابھی 3 گرین انرجی پارکس کے منصوبے بن رہے ہیں، سندھ حکومت سولر کے ذریعے عوام کے لیے سستی بجلی پیدا کرے گی، وفاقی حکومت سے ملنے والی بجلی مہنگی ہے، ہماری خواہش ہے کہ اپنے صوبے کے عوام کو سندھ حکومت کی طرف سے سستی بجلی پہنچائیں۔

Bilawal Bhutto