Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ریلوے حکام نے آئی جی فرنٹیئر کور بلوچستان سے سیکیورٹی مانگ لی

بولان میں تباہ شدہ پُل کی مرمت کے دوران مسافروں کو بسوں سے منزل پر پہنچایا جائے گا
شائع 29 اگست 2024 04:28pm

ریلوے حکام نے آئی جی ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور بلوچستان سے کوئٹہ سے مچھ اور مچھ سے کوئٹہ سفر کرنے والی ٹرین کی سیکیورٹی مانگ لی ہے۔

ریلوے حکام کی جانب سے آئی جی ہیڈکوارٹر فرنٹیئر کور بلوچستان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ریلویز ہیڈ کوارٹر آفس لاہور سے موصول ہونے والے احکامات کے مطابق کولپور اور دوزند اسٹیشنوں کے درمیان شدہ پل نمبر 259 کیو کی دوبارہ تعمیر کا کام ایک دو دنوں میں تیزی سے شروع کر دیا جائے گا اور اس کو مکمل کرنے کیلئے45 دن درکار ہوں گے۔

ہیڈ کوارٹر آفس لاہور نے اس دوران مچھ ریلوے سٹیشن سے ٹرین سروس بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جس کے تحت مسافروں کو سڑک کے ذریعے کوئٹہ سے مچھ اور مچھ سے کوئٹہ تک اسی انداز میں پہنچایا جائے گا۔

خیال رہے کہ تین روز قبل بلوچستان بھر میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں کے دوران بولان میں بی ایل اے کے دہشتگردوں نے کولپور اور مچھ کے درمیان ریلوے پل کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا تھا، جس کے باعث صوبے بھر سے ریل رابطہ منقطع ہوگیا۔

ریلوے حکام کی جانب سے جاری خط میں کہا گیا کہ ریلوے کو بتایا گیا ہے کہ حکومت بلوچستان کے سرکلر کے مطابق لیویز فورس کو سیکیورٹی سروس سے الگ کرکے انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈیپارٹمنٹ کے تحت ضم کردیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ اسے سے قبل بھی اس طرح کے روڈ آپریشن کے دوران کوئٹہ سے مچھ اور مچھ سے کوئٹہ کے درمیان سفر کے لیے 12 لیویز اہلکاروں کو بسوں پر تعینات کیا گیا تھا۔

خط میں گزارش کی گئی کہ 30 اگست 2024 کو چار بجے پشاور سے مچھ اور 31 اگست 2024 کو صبح ساڑھے 8 بجے کوئٹہ سے مچھ آنے والی ٹرین کے لیے بسوں کو سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

FC Balochistan

Train Security