Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

جرمن تعلیمی ویزوں کے لیے درخواستوں کی پروسیسنگ میں تاخیر، طلبہ پریشان

بہت سے طلبہ کی خطیر رقم ضائع ہوگئی، درخواستوں کی پروسیسنگ حقیقی مستحقین تک محدود
شائع 28 اگست 2024 10:21pm

جرمن سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ وہ اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے جمع کرائی جانے والی صرف اُن درخواستوں کی پروسیسنگ کرے گا جنہیں وہ حقیقی معنوں میں مستحق سمجھتا ہوگا۔

ایک بیان میں سفارت خانے نے کہا ہے کہ موسمِ سرما کے سیمسٹر کے لیے تعداد پوری ہوچکی ہے۔

ایک انگریزی اخبار کے مطابق بہت سے طلبہ کا کہنا ہے کہ انہیں جرمن جامعات نے داخلہ دے دیا ہے مگر اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کی طرف سے انٹرویو کے لیے نہیں بلایا جارہا۔

طلبہ کا کہنا ہے کہ اپائنٹمنٹ سسٹم 21 مئی کو کھولا جاچکا ہے مگر نارمل ٹیک کے ذریعے دی جانے والی درخواستوں پر انٹرویو کے لیے نہیں بلایا جارہا۔ اب تک ایسا لگتا ہے کہ صرف فاسٹ ٹریک درخواستوں ہی پر انٹرویو کے لیے مدعو کیا جارہا ہے۔

بہت سے طلبہ کا کہنا ہے کہ پروسیسنگ میں مشکلات بھی درپیش ہیں اور اخراجات بھی اچھے خاصے ہیں۔ جرمن سفارت خانے کے کمیونی کیشن سیکشن نے بتایا ہے کہ رواں سال صرف اُن درخواستوں کی پروسیسنگ ترجیحی بنیاد پر ہوگی جن کا تعلق سرکاری جامعات کی اسکالر شپس سے یا پھر بہترین اسکول اور انڈر گریجویٹ نتائج سے ہے۔

جرمن سفارت خانے نے یہ بات تسلیم کیا ہے کہ پاکستان سے بہت بڑی تعداد میں نوجوانوں نے جرمنی ؐمیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

اس وقت جو درخواستیں جرمن سفارت خانے کے پاس ہیں وہ عملے کی استعداد سے زیادہ ہیں۔ سفارت خانے کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی تیز رفتار پروسیسنگ کی استعداد بڑھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق طالبِ علم حمزہ امجد نے بتایا کہ اس نے جرمن ویزا کے حصول کے لیے 500 یورو (کم و بیش ڈیڑھ لاکھ روپے) خرچ کیے تھے۔

اس کے بلاک کیے جانے والے اکاؤنٹ میں 11208 یورو (تقریباً 34 لاکھ روپے) ہیں۔ یہ رقم منجمد ہے اور اُس تک رسائی اُسی وقت ممکن ہے جب وہ ملک میں قدم رکھے گا۔

رہائش کی بکنگ اور سیمسٹر ٹکٹ بھی اکارت گئے کیونکہ حمزہ امجد یونیورسٹی پہنچ کر کلاس کو جوائن ہی نہ کرسکا۔

بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے سابق طالبِ علم عبداللہ یاسین کا کہنا ہے کہ 2022 میں گریجویشن کے بعد اُس نے کئی جرمن جامعات میں درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ اس کے داخلے ویزا کے اشو کے باعث منسوخ ہوتے رہے۔ عبداللہ یاسین نے ویزا پروسیسنگ پر تین لاکھ روپے خرچ کیے تھے۔

جرمن سفارت خانے کا کہنا ہے کہ اسکالر شپ حاصل کرنے والے اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ ساتھ ہی ساتھ 3.7 کے مجموعی گریڈ پوائنٹ ایوریج والے طلبہ کو بھی ترجیح دی جائے گی۔

نوجوان ورک پرمٹ کیلئے آرہے ہیں، برطانیہ کا تعلیمی ویزا پالیسی بدلنے پر غور

سعودی عرب میں تعلیم حاصل کریں،اسٹوڈنٹ ویزا جاری کرنے کا فیصلہ

GERMAN EMBASSY

STUDENTS VISA APPLICATIONS

DELAY IN PROCESSING

APPLICANTS SUFFER