Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

یوم دفاع پاکستان پر پاک بحریہ میں دو نئی انڈکشنز کی تیاریاں

بابر اور یرموک کلاس کے جہاز پاک بحریہ میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گے
شائع 28 اگست 2024 07:37pm

یوم دفاع پاکستان پر پاک بحریہ میں دو نئی انڈکشنز کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق 6 ستمبر کو یوم دفاع کے موقع پر پاک بحریہ میں دو بڑی انڈکشنز کی تیاریاں ہو رہی ہیں، پی این ایس بابر اور پی این ایس حنین کی بیک وقت پاک بحریہ میں انڈکشن ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترکیہ میں تیار کیا جانے والا پہلا ملجم/بابر کلاس جہاز پاک بحریہ کا حصہ بنے گا، رومانیہ میں تیار پی این ایس حنین بھی پاک بحریہ میں شامل ہوگا۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر آصف علی زرداری ہوں گے۔

پی این ایس بابر کی تعمیر کا آغاز 4 جون 2020 کو ہوا تھا، پی این ایس بابر 15 اگست 2021 کو لانچ کیا گیا اور کمیشننگ 23 ستمبر 2023 کو ہوئی۔

ورٹیکل لانچنگ سسٹم سے لیس بابر کلاس کے 4 جہاز پاک بحریہ میں شامل کئے جا رہے ہیں، پاک ترک معاہدے کے تحت دو جہاز استنبول اور دو کراچی میں تیار کئے جا رہے ہیں۔

بابر کلاس کے تین دیگر جہاز پی این ایس بدر، طارق اور خیبر اس وقت تیاری کے مختلف مراحل میں ہیں۔

بابر کلاس جہاز بیک وقت سطح آب، زیر آب اور فضا میں جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 2888 ٹن بابر کلاس جہاز کے ذریعے ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

تیسرا یرموک کلاس او پی وی 2600 بھی رومانیہ کے گالاٹی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے، یرموک کلاس جہازوں کی بدولت پاکستان نیوی میں گائیڈڈ میزائل کورویٹس کا درجہ حاصل ہے، 98 میٹر طویل پی این ایس حنین کی رفتار 24 ناٹس کے لگ بھگ ہے۔

پی این ایس حنین سطح سے فضا میں ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل داغ سکتا ہے، 76 ایم ایم مین گن کے ساتھ پی این ایس حنین پر 20 ایم ایم کی دو سیکنڈر گنز بھی نصب ہیں۔

یرموک کلاس کے چاروں جہاز اسلامی تاریخ کی اہم جنگوں سے منسوب ہیں۔

پی این ایس حنین بھی پاک بحریہ کی قوت و استعداد کار میں بہترین اضافہ ہو گا۔

یرموک کلاس کا چوتھا اور آخری جہاز پی این ایس یمامہ تکمیل کے مراحل سے گزر رہا ہے۔

Pakistan Navy

Babur Class

PNS Hunain