Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

قلت کے خوف سے بھرپور خریداری، جاپانی اسٹورز سے چاول غائب

حکومت نے عوام سے کہا ہے تحمل سے کام لیں، چاول کی درآمد کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
شائع 28 اگست 2024 04:57pm

جاپان کی بیشتر سُپر مارکیٹس سے چاول غائب ہوگیا ہے۔ اس کا سب سے بڑا سبب یہ ہے کہ لوگوں میں یہ خوف پایا جاتا ہے کہ چاول کی شدید قلت ہونے والی ہے۔ حکومت بھی اس صورتِ حال سے پریشان ہے۔

سُپر مارکیٹس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمِ گرما کے دوران چاول کی درآمد عمومی سطح سے تھوڑی کم رہی۔ اس کا ایک اہم سبب یہ تھا کہ طلب زیادہ نہیں تھی۔

اچانک کچھ ایسا ہوا کہ لوگوں میں چاول کے حوالے سے بدحواسی پیدا ہوگئی اور وہ قلت کے خوف سے دھڑا دھڑ چاول خریدنے لگے۔

چند روز کے دوران چاول اِتنے بڑے پیمانے پر خریدا گیا ہے کہ بڑے مارٹ اور سُپر مارکیٹس خالی ہوگئی ہیں۔ جو گھرانے بالعموم دو چار کلو کے پیکٹ خریدتے ہیں وہ بھی دس دس پندرہ پندرہ کلو کے پیکٹ خریدتے دکھائی دیے ہیں۔ یہ سب کچھ جاپانی معاشرے میں انتہائی حیرت انگیز ہے۔

جاپان کے وزیرِ زراعت تیتسوشی ساکا موتو نے ایک بیان میں عوام سے کہا ہے کہ وہ چاول کے معاملے میں بلا جواز بدحواسی کا شکار نہ ہوں۔ حکومت نے چاول کی درآمد بڑھانے کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کیے ہیں تاکہ ملک بھر میں چاول وافر مقدار میں دستیاب ہو۔

میڈیا میں دو چار خبریں آنے پر لوگوں کا ردِعمل عجیب رہا ہے۔ عام طور پر جاپانی عوام حواس قابو میں رکھتے ہیں اور کسی بھی ناگہانی کیفیت میں بھی ضبط و تحمل سے کام لیتے ہیں۔

حکومت نے کہا ہے کہ لوگ بالکل پریشان نہ ہوں اور کسی بھی افواہ پر کان نہ دھریں۔ حکومت چاول کی درآمد بڑھانے کا اہتمام کر رہی ہے ہیں تاکہ ملک بھر میں ضرورت کے عین مطابق چاول دستیاب ہو۔

Japan

SHORTAGE OF RICE

UNUSUAL PURCHASING

PEOPLE GETTING CONFUSED

GOVERNMENT ASSURANCES