Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

اسلامی بینکنگ کے نام پر ملک بھر میں عوام سے فراڈ کا انکشاف

کئی کیسز آئے ہیں جن میں اسلامی بینکاری میں شرح سود زیادہ ہونے کی شکایت آئی ہے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا
شائع 28 اگست 2024 04:47pm

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چئیرمین سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ اسلامی بینکاری میں قرض لینے پر 25 سے 30 فیصد شرح سود لیا جاتا ہے، کنونشنل بینکاری 20 فیصد شرح سود چارج کرتی ہے، عوام کے ساتھ اسلامی بینکاری کے نام پر فراڈ ہورہا ہے۔

بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا، جس میں ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل 2024 پر بریفنگ دی گئی۔

دوران اجلاس ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ بل میں صارفین کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے، بل منظوری کے بعد بھی مائیکرو فنانس بینکوں کو شامل نہیں کریں گے، کسی بینک کو شامل کرنے کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔

چئیرمین کمیٹی نے پوچھا کہ آئی ایم ایف کے کہنے پر کیوں اقدامات اٹھاتے ہیں، خود کام کیوں نہیں کرتے۔

سینیٹر محسن عزیز نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے سب کچھ آئی ایم ایف کے کہنے پر کیا؟

جس پر ڈپٹی گورنر بولے کہ بل ہم نے خود ڈرافٹ کیا ہے، آئی ایم ایف نے ہماری مدد کی ہے۔

آئی ایم ایف بیل آؤٹ پیکیج، پیشگی شرائط پوری ہونے پر پاکستان سے متعلق بورڈ میٹنگ بلائے جانے کا امکان

ڈپٹی گورنر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی شریعہ ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل اس بل میں شامل ہے، سنگل ممبر کمپنیاں، ٹرسٹ اوراین جی اوز بھی اس میں شامل ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پیڈ اپ کیپٹل کو استعمال نہیں کیا جا سکے گا، کارپوریشن کے ریسورسز کے استعمال کا طریقہ کار بھی بل میں وضع کیا ہے۔

اس دوران اسلامی بینکنگ کے نام پر ملک بھر میں عوام سے فراڈ کا انکشاف بھی ہوا۔

چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ اسلامی بینکاری میں قرض لینے پر 25 سے 30 فیصد شرح سود لیا جاتا ہے، کنونشنل بینکاری 20 فیصد شرح سود چارج کرتی ہے، عوام کے ساتھ اسلامی بینکاری کے نام پر فراڈ ہورہا ہے، لوگ اسلام سے محبت کی وجہ سے نہیں بلکہ مالی مفاد کیلئے جاتے ہیں، میرے پاس کئی کیسز آئے ہیں جن میں اسلامی بینکاری میں شرح سود زیادہ ہونے کی شکایت آئی ہے۔

ایف بی آر کے تاجر برادری سے مذاکرات ناکام، ملک گیر شٹر ڈاؤن مہم زور پکڑ گئی

قائمہ کمیٹی خزانہ نے اسٹیٹ بینک سے اسلامی بینکاری پر بریفنگ طلب کرلی اور کہا کہ بین الاقوامی اسلامی بینکاری کے حوالے سے مروجہ طریقہ کار کے حوالے سے بھی بتایا جائے۔

ڈپٹی گوربنر نے کہا کہ بینکنگ کے شعبے میں روایتی بینکوں کو حصہ 75 اور اسلامی بینکاری کا 25 فیصد ہے۔

اجلاس میں ڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن ترمیمی بل 2024 کا تفصیلی جائزہ مکمل کیا گیا اور بل منظور کرلیا گیا۔

ڈاکٹر عنایت حسین نے بتایا کہ ترمیمی بل کے تحت بینکوں میں پانچ لاکھ روپے تک رقم کو قانونی تحفظ حاصل ہوگا، اس سے پہلے ڈھائی لاکھ روپے تک کے ڈیپازٹس کو تحفظ حاصل تھا۔

چئیرمین کمیٹی نے کہا کہ 50 سال ہوگئے ہم نے ابھی تک یہ کام نہیں کیا؟

ایف بی آر کی اسمگل شدہ گاڑیوں کے حوالے سے ایمنسٹی اسکیم کی افواہوں کی تردید

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ اس بل میں مائیکرو فنانس بینک شامل نہیں ہیں، مائیکروفنانس بینکوں کو بھی مستقبل میں بل میں شامل کرنے کا ارادہ ہے، فی الحال ان کیلئے الگ سے تحفظ کا نظام موجود ہے، بورڈ کو اختیار حاصل ہوگا کہ مائیکرو فنانس بینکوں کو شامل کیا جائے یا نہیں، پہلے عالمی مالیاتی ادارے ڈیپازٹرز کے تحفظ کے حق میں نہیں تھے، آئی ایم ایف نے اب ہمیں کہا ہے کہ ڈیپازٹرز کو تحفظ دیا جائے۔

چئیرمین کمیٹی نے سوال کیا کہ یہ ساری چیزیں آئی ایم ایف ہی کیوں ہمیں بتاتا ہے؟

ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ ڈاکٹرعشرت حسین کے دور میں یہ کام کرنا چاہتے تھے اس وقت عالمی اداروں نے مخالفت کی تھی۔

سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے بورڈ ممبران ایک میٹنگ کی 75 ہزار روپے فیس لیتے ہیں، دیگر بینکوں کی 50 ہزار روپے سے زیادہ فیس ہے، اسی لئے لوگ بینکنگ کے شعبے میں نوکری کو ترجیح دیتے ہیں، وہ لوگ بورڈز کو جوائن کرتے ہیں جن کو پیسوں کی ضرورت ہو، اچھے اور سمجھدار لوگ کسی بورڈ کے ممبر نہیں بنتے۔

Fraud

Islamic Banking

Interest in Islamic Banking