Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

جاپانی بیٹے کی 19 سال بعد بھارتی والد سے جذباتی ملاقات

میں اپنے بیٹے کو کیسے بھول سکتا ہوں، یہ ایک خواب کی طرح محسوس ہوتا ہے، بیٹے کے والد کا بیان
شائع 27 اگست 2024 01:16pm
تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا
تصویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی پنجاب امرتسر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص اور جاپان سے تعلق رکھنے والے اس کے بیٹے کے درمیان 19 سال کی علیحدگی کے بعد جذباتی ملاقات نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ سمیٹ لی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سکھ پال سنگھ نے تھائی لینڈ میں ایک جاپانی خاتون سے ملاقات کے بعد 2002 میں شادی کی، اور وہ ٹوکیو کے قریب چیبا کین میں اپنی جاپانی اہلیہ ساچی کے ساتھ رہنے لگا۔

رپورٹ کے مطابق 2003 میں سکھ پال سنگھ اور ساچی کے ہاں رن تاکاہاٹا نامی بیٹے کی پیدائش ہوئی، لیکن بعد ازاں دونوں کے درمیان ازدواجی تعلقات میں مسائل پیدا ہونے کے سبب علیحدگی ہوگئی۔ رن نے اپنے والد کی غیر موجودگی میں پرورش پائی۔

2007 میں بھارت واپس آنے کے بعد سکھ پال کا اپنے بیٹے اور اہلیہ سے کوئی رابطہ نہیں رہا۔ رِن جاپان میں مقیم ہیں، حال ہی میں اس نے اپنے والد کے ساتھ دوبارہ ملنے کے لیے پنجاب کا سفر کیا۔

باپ اور بیٹے کی 19 سال بعد جذباتی ملاقات کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا گیا کہ باپ بیٹا تقریباً دو دہائیوں کے بعد ایک دوسرے سے گلے مل رہے تھے۔

سکھ پال سنگھ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ میرے بیٹے نے ایک تصویر کے ذریعے اور لوگوں سے میرے بارے میں پوچھ کر مجھے انتھک تلاش کیا۔ مجھے یقین نہیں آتا کہ میں اپنے بیٹے سے مل رہا ہوں۔ یہ ایک خواب کی طرح محسوس ہوتا ہے، اور مجھے امید ہے کہ یہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔

سکھ پال کا مزید کہنا تھا کہ بیٹے سے ملنا ہمیشہ میرے دل میں تھا، میں اسے کیسے بھول سکتا ہوں؟

بھارتی میڈیا کے مطابق رِن 15 اگست کو بھارتی شہر امرتسر پہنچا اور چند دشواریوں کے بعد 18 اگست کو اپنے والد سے ملنے میں کامیاب ہوا۔

Japanese Son

Reunites

Indian Father

After 19 Years

Emotional Reunion