Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کے اسٹوڈنٹس رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کے الرٹ جاری کئے جانے کی حقیقت کیا؟

وزارت داخلہ اور نیکٹا نے نوٹیفکیشنز پر وضاحت جاری کردی
شائع 26 اگست 2024 10:08pm

آٹھ اگست کو، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے طلبہ ونگ ”انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن“ کے اراکین نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلبہ تحریک کا اعلان کیا جس کا مقصد مہنگائی سے نمٹنے، بنیادی حقوق کی بحالی، اور سابق طالب علموں کی رہائی کی وکالت کرنا تھا۔

اس پریس کانفرنس کے فوراً بعد سوشل میڈیا پر دو خطوط گردش کرنے لگے، ان میں سے ایک بینہ طور پر وزارت داخلہ سے اور دوسرا نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) سے منسوب کیا گیا، اور دونوں میں ہی آئی ایس ایف کے طلبہ رہنماؤں پر دہشت گردی کا الزام عائد کیا گیا۔

نیکٹا کی طرف سے آٹھ اگست کو جو خط سامنے آیا اس کا عنوان ”تھریٹ الرٹ“ تھا، جسمیں کہا گیا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے کچھ شرپسند طلباء کو سامنے رکھ کر امن و امان خراب کرنے کے لیے اپنی نوجوان قیادت کو متحرک کر رہے ہیں۔‘

مبینہ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ طلباء کی تحریک کو ”دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں“ کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جا رہی ہے۔

دوسرا نوٹیفکیشن 10 اگست کو گردش میں آیا، جس میں مبینہ طور پر کہا گیا کہ حکومت نے ان طلباء کے ناموں کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو تحریک کے لیے اکسا رہے ہیں۔

اس نوٹیفکیشن میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ طلباء کو بغیر اجازت شہر سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور ان کے پاسپورٹ منسوخ کردیئے جائیں گے۔

تاہم، وزارت داخلہ اور نیکٹا دونوں نے ہی نجی ٹی وی کو دئے گئے بیان میں تصدیق کی ہے کہ آن لائن گردش کرنے والے نوٹیفیکیشن ان کی طرف سے جاری نہیں کیے گئے تھے۔

نجی ٹی وی نے نیکٹا کے ایک اعلیٰ سرکاری اہلکار، جنہیں معمول کے مطابق تھریٹ الرٹس کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے، کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے نوٹیفکیشن کو ”سو فیصد جعلی“ قرار دیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق نیختا اہلکار نے واضح کیا کہ دستاویز پر عبید فاروق ملک کے دستخط ہیں، جو دو سال قبل نیکٹا سے ریٹائر ہوئے تھے۔ اہلکار نے عبید فاروق کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن فراہم کیا اور واضح کیا کہ کرنل عثمان اب نیکٹا میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

نجی ٹی وی نے مذکورہ عبید فاروق سے بھی بات کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2022 میں اپنی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عبید فاروق نے وضاحت کی کہ ’جب میں ڈائریکٹر تھا، میں نے اس طرح کے تھریٹ الرٹس جاری کیے تھے۔ اب، کسی نے پرانے فارمیٹ کو کاپی کیا ہے اور اس میں اپنا مواد ڈال کر اسے سوشل میڈیا پر پھیلا کر دیا ہے‘۔

نجی ٹی وی نے وزارت داخلہ میں میڈیا کے ڈائریکٹر جنرل قادر یار ٹوانہ کے ساتھ دو دیگر اہلکاروں سے بھی رابطہ کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ دونوں اہلکاروں نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق تینوں نے تصدیق کی کہ آن لائن زیر گردش نوٹیفکیشن ”جعلی“ تھا اور وزارت کی طرف سے جاری نہیں کیا گیا تھا۔

interior ministry

isf

Fact Check

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

National Counter Terrorism Authority NACTA Pakistan