Aaj News

جمعہ, ستمبر 13, 2024  
09 Rabi ul Awal 1446  

اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ملتوی نہ کرنے کی یقین دہانی مانگنے پر حکومتی نمائندوں کی اسمبلی میں آئیں بائیں شائیں

میں نہیں کہہ سکتا کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں، وزیر قانون
اپ ڈیٹ 26 اگست 2024 08:49pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما محمد عاطف خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت سے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی نہ کرنے کی یقین دہانی مانگ لی، جس پر حکموتی نمائندوں کی جانب سے گول مول جواب دئے گئے، جبکہ اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 منظورکر لیا گیا۔

عاطف خان نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کئی مرتبہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر چکی ہے، حکومت سے یقین دہانی حاصل کی جائے کہ اب الیکشن مزید تاخیر کا شکار نہیں ہوگا۔

جس پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بولے کہ الیکشن کیسے ہوگا یہ الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

مبارک ثانی کیس پر سپریم کورٹ کا شکرگزار ہوں، انہوں نے کمی بیشی ختم کردی، ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اعظم نذیر تارڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بتائیں بلدیاتی انتخابات میں کوئی رکاوٹ تو نہیں ڈالیں گے؟ جس پر وزیر قانون بولے میں نہیں کہہ سکتا کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

حکومتی رویہ کی مذمت، پی ٹی آئی سمیت اپوزیشن کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی راجا خرم نواز بولے کہ اسلام آباد میں مقامی حکومتوں کے نمائندوں کے بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے، پہلے بیٹھ کر ان مسائل کا حل نکالیں۔

ن لیگ کے ہی رکن اسمبلی طارق فضل چوہدری نے کہا کہ 2015 میں بلدیاتی الیکشن کے بعد مزید پیچیدگیاں پیدا ہوئیں، جو ماڈل دنیا کے دارالحکومتوں کا ہے اس کے قریب لایا جائے، اس قانون سازی کا مقصد مقامی سطع پر لوگوں کو با اختیار بنانا ہے، الیکشن دو چار دن آگے پیچھے بھی ہو جائیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اس دوران ایوان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد مقامی حکومت ترمیمی بل 2024 منظورکر لیا، اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود بل کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔

National Assembly

islamabad local bodies election

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)