Aaj News

منگل, ستمبر 17, 2024  
12 Rabi ul Awal 1446  

مذہبی جماعتوں میں تصادم، علمائے کرام کا اہل کراچی سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل

مولانا اورنگزیب فاروقی، علامہ سید نذیر عباس تقوی، مولانا تاج حنفی مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے بدامنی کی شدید مذمت کی
شائع 26 اگست 2024 10:34am

کراچی میں گزشتہ روز گولیمار کی حدود میں مذہبی ریلی کے دوران پرتشدد واقعات پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے پُرزور مذمت کرتے ہوئے اہل کراچی سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل کی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے لسبیلہ کے قریب مذہبی جماعت کے جلوس پر حملے کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے تھے۔

مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ شرپسند عناصر کی جانب سے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش کی گئی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد تخریب کاروں کو گرفتار کر لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان پر امن رہیں اور شرپسند عناصر کی بد امنی کی سازش کو ناکام بنائیں۔ مولانا اورنگزیب فاروقی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سےجلد از جلد غیر جانبدار انکوائری کی درخواست کی۔

علاوہ ازیں علامہ سید نذیر عباس تقوی نے مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ مکار دشمن کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔

مولانا تاج حنفی نے کہا کہ کراچی میں گولیمار کی حدود میں مذہبی مارچ پر شرپسندی کی مذمت کرتے ہیں۔ مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ہم فرقہ واریت، شدت پسندی اور بدامنی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

firing

karachi

religous gathering