زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کیلئے ملاقات کی، محمود اچکزئی
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے دو تہاٸی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے۔
مردان پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے دعویٰ کیا کہ زرداری نے مولانا سے دو تہائی اکثریت کے لیے ملاقات کی ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بھی چندے کے نام پر رشوت لے رہی ہیں۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں حق حکمرانی سب سے بڑا مسئلہ ہے، انتخابات میں ملک بھر میں پی ٹی آئی جیت چکی ہے اور حکمرانی بھی اس کا حق ہے۔
سینیئر سیاستدان نے نو مئی کے حوالے سے کہا کہ صرف 9 مٸی کی نہیں دوسرے معاملات کی بھی تحقیقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں آئین کی حکمرانی ہوتی تو پاکستان نہ ٹوٹتا، بھٹو کو پھانسی نہ ہوتی اور نہ ہی بینظیر قتل ہوتی۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈوب رہا ہے، پاکستان کے تمام مسائل اندرونی ہیں اور ہم بھیڑیوں کی طرح ملک کو نوچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والی تمام قومیتوں کو برابر کے حقوق دیے جائیں، ہم خیرات نہیں اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
چیئرمین پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا کہنا تھا کہ فوج اور ایجنسیوں کے بغیر ملک نہیں چلتا، پاکستان چلانے کیلئے آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سر چشمہ تسلیم کرنا ہوگا۔
محمود اچکزئی نے انکشاف کیا کہ ماضی میں نواز شریف نے وزارت کی پیش کش کی تھی مگر میں نے انکار کردیا تھا۔
Comments are closed on this story.