Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

برطانوی وزیراعظم ہاؤس کی سرکاری بلّی کی موت پر انتظامات کا پلان تیار، قوم کو اطلاع کیلئے کوڈ نام کیا ہوگا

10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں متعدد وزرائے اعظم آئے اور گئے، لیکن لیری نامی یہ بلی یہاں کی ایک مستقل رہائشی رہی ہے
شائع 24 اگست 2024 08:30pm

برطانیہ میں ملکہ یا بادشاہ کا انتقال ہوجائے تو اس کیلئے ایک سرکاری پلان پہلے سے تیار ہوتا ہے، جس کی پیروی کرتے ہوئے آخری رسومات ادا کی جاتی ہیں، ان منصوبوں کو اکثر کوڈ نیم دئے جاتے ہیں ، جیسے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی موت پر ”آپریشن لندن برج“ اسےعمال کیا گیا تھا۔ لیکن اب حکام نے وزیراعظم ہاؤس کی سرکاری بلّی کی موت کے حوالے سے کوڈ نیم اور منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔

برطانیہ کی ڈاؤننگ اسٹریٹ پر واقع وزیراعظم ہاؤس، جسے عموماً ”10 ڈاؤننگ اسٹریٹ“ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس کے حکام نے گھر کی ”چیف ماؤزر: لیری دی کیٹ“ کی موت کے حوالے سے منصوبہ تیار کیا ہے۔

اس منصوبے کو ”لیری برجز“ کا کوڈ نام دیا گیا ہے۔

شاہی خاندان کے ممتاز افراد کی موت کے حوالے سے کارروائیوں کے اس منصوبے کی منظوری دی جاچکی ہے، 17 سالہ بلی کے انتقال کی خاموشی سے تیاریاں کی گئی ہیں۔

10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں متعدد وزرائے اعظم آئے اور گئے، لیکن لیری نامی یہ بلی یہاں کی ایک مستقل رہائشی رہی ہے۔

”چیف ماؤزر“ کے طور پر اپنے دور میں لیری نے ڈیوڈ کیمرون سے لے کر موجودہ سر کیر اسٹارمر تک چھ وزرائے اعظم کو آتے جاتے دیکھا ہے۔

لیری 2011 میں کیمرون کے بچوں کے پالتو جانور کے طور پریہاں پہنچی۔

ٹائمز کی خبر کے مطابق، حکام نے تفصیلات بتائی ہیں کہ افسوسناک لمحہ آنے پر قوم کو خبر کیسے پہنچائی جائے گی۔

لیری کے سرکاری کردار کو ’سیکیورٹی ڈیفنس کا معائنہ کرنے اور سونے کے معیار کے لیے قدیم فرنیچر کی جانچ‘ کے ساتھ ساتھ ’گھر میں چوہے کی موجودگی کے حل پر غور کرنے‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔

لیری کے دیگر سرکاری بلیوں کے ساتھ آزمائشی تعلقات رہے ہیں، جن میں اس کی سابقہ دشمن فارن آفس کی چیف ماؤزر پامرسٹن نامی بلی بھی شامل ہے، جو 2019 میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئی تھی اور ہیوں چار سالہ جھگڑا اختتام کو پہنچا تھا۔

ایک موقع پر پولیس کو لیری اور اس وقت کے چانسلر جارج اوسبورن کی بلی فرییا کے درمیان لڑائی بھی ختم کرانی پڑی تھی۔

جنازے کے منصوبوں کے بارے میں قیاس آرائیوں کا آن لائن جواب دیتے ہوئے، لیری کے پیروڈی اکاؤنٹ، جس کے آٹھ لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں، نے تجویز پیش کی کہ وہ خود کو مستقبل کے وزیر اعظم کو ’کچھ بھی احمقانہ کام‘ نہ کرنے کی یاد دہانی کے طور پر نمبر 10 پر ایک چمنی کے اوپر رکھا جانا پسند کرے گی۔

10 Downing Street

Larry The Cat

Chief Mouser