صہیونی فوج نے حماس کے اسلحہ ساز طلحٰہ ابو ندا کو شہید کردیا
صہیونی فوج نے غزہ میں ایک فضائی حملے کے ذریعے حماس کے اسلحہ ساز طحٰہ ابو ندا کو شہید کردیا۔ اسرائیلی فوج نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ابو ندا حماس کے اسلحہ ساز ہیڈ کوارٹرز میں فعال تھا۔
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کے ہفتے کے بیان کے مطابق ایک فضائی حملے میں ابو ندا کو ہلاک کردیا گیا۔ یہ کارروائی ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی فراہم کردہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
اسرائیلی فوج نے جمعہ کو غزہ سٹی اور اُس سے ملحق علاقوں میں حماس کے بنیادی ڈھانچے کو مٹانے کے لیے ٹارگیٹیڈ آپریشن شروع کیا۔ اسرائیلی فوج نے دعوٰی کیا ہے کہ ٹارگیٹیڈ آپریشن اب تک مطلوب اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
اسرائیلی فوج نے جون میں حماس کے اسلحہ ساز یونٹ کے ایک اہم رکن محمد صالح کو بھی شہید کیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے مزید بتایا ہے کہ جمعہ اور ہفتے کو جنوبی غزہ میں رفح گورنریٹ اور تیل السلطان کیمپ میں کارروائیاں کرکے حماس کے متعدد کارکنوں کو قتل کردیا گیا۔
ان علاقوں میں گشت اور کارروائیوں پر مامور اسرائیلی فوجیوں نے بڑی تعداد میں ہتھیار، گولے اور دھماکا خیز مواد بھی ضبط کیا ہے۔ تیل السلطان کے علاقے میں حماس کے ایک بڑے نیٹ ورک کو ختم کردیا گیا۔ غزہ کے طول و عرض میں اسرائیلی فوج نے اپنے آپریشنز کا دائرہ وسیع کردیا ہے جس کے نتیجے میں عام فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
Comments are closed on this story.