Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت نے معروف بھارتی اداکار کے کنونشن سینٹر پر بلڈوزر پھیر دیا

تالاب کی زمین ہتھیانے کا الزام، ناگارجنا نے اس اقدام کے خلاف عدالتی کارروائی کا اعلان کردیا۔
شائع 24 اگست 2024 06:40pm

جنوبی ہند کے معروف فلمی اداکار ناگارجنا کے کنونشن سینٹر کو تجاوزات کے زُمرے میں ڈال کر منہدم کردیا گیا۔ اداکار نے اس عمل کو سراسر غیر قانونی قرار دیا ہے۔

بھارت کی جنوبی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدر آباد (دکن) میں ایکینینی ناگارجنا نے ایک شاندار کنونشن سینٹر تعمیر کیا تھا۔ شہری انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن سینٹر تمیڈیکنٹا نامی تالاب کی 1.12 ایکڑ زمین پر قبضہ کرکے بنایا گیا تھا۔

دی حیدر آباد ڈزاسٹر ریسپانس اینڈ ایسیٹس مانیٹرنگ اینڈ پروٹیکشن (ہائیڈرا) نے انہدام کی کارروائی کی۔ یہ ادارہ پورے حیدر آباد شہر میں ہر اس عمارت کو منہدم کر رہا ہے جو سرکاری زمین پر غیر قانونی طریقے سے بنائی گئی ہو۔

ناگارجنا کا کنونشن سینٹر 10 ایکٹر پر محیط ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کنونشن سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے بے قاعدگیاں پائی گئیں۔ حکام کا دعوٰی ہے کہ کنونشن سینٹر کی تعمیر کے لیے تالاب کی زمین پر بھی ہاتھ صاف کیا گیا۔ لیک کے بفر زون سے بھی 2 ایکڑ ضبط ہتھیائی گئی۔

ناگارجنا کا شمار تیلگو فلموں کے معروف ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ اُن کے کنونشن سینٹر نے دیکھتے ہی دیکھتے شہرت حاصل کرلی تھی۔ اس کنونشن سینٹر میں کارپوریٹ سیکٹر کے بڑے ایونٹ بھی ہوتے تھے اور ہائی پروفائل شادی کی تقریبات بھی۔

ناگارجنا کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے عدالت سے حکمِ امتناع بھی حاصل کرلیا تھا مگر پھر بھی انتظامیہ نے غیر قانونی کارروائی کی اور اس کے لیے پہلے سے نوٹس بھی نہیں دیا گیا۔ ناگارجنا نے مقامی انتظامیہ کے اس اقدام کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Encroachment

Demolition

NAGARJUNA

CONVENTION CENTER

UNLAWFUL ACT

NAGARJUNA TO GO TO COURT