Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی چیمبر نے تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کردی

حکومت متنازع تاجر دوست اسکیم کم از کم تین ماہ کے لیے موخر کرے، افتخار شیخ کا مطالبہ
شائع 23 اگست 2024 04:44pm

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کی سی سی آئی) نے بھی تاجروں کی 28 اگست کی ملک گیر ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔

کے سی سی آئی کے صدر افتخار شیخ نے تمام رکن اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس دن کاروبار مکمل طور پر بند رکھیں تاکہ متنازع تاجر دوست اسکیم واپس لی جائے اور حکومت بجلی کے بھاری بلوں اور دیگر ٹیکسوں کو کم کرنے پر مجبور ہو۔

افتخار شیخ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجر دوست اسکیم فوری طور پر کم از کم تین ماہ کے لیے موخر کی جائے۔ واضح رہے کہ تاجر دوست اسکیم کے تحت پہلے بھی تاجروں کی رجسٹریشن ناکام رہی تھی۔ اپریل میں اس اسکیم کے تحت جب رجسٹریشن شروع کی گئی تو چھوٹے تاجروں اور دکان داروں نے خاطر خواہ دلچسپی نہیں لی تھی۔

کاروباری طبقے میں بالخصوص تاجر برادری کی شکایت رہی ہے کہ حکومت نے بہت سے عوامل کو نظر انداز کرکے یک طرفہ طور پر اسکیم تیار کی ہے۔

تاجروں کے لیے حکومت کی طرف سے سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ حکومت اُن سے زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصول کرنا چاہتی ہے۔ چھوٹے دکان داروں کے لیے آمدنی میں اضافہ تو دور کی بات ہے، آمدنی کو برقرار رکھنا بھی انتہائی دشوار ہوچکا ہے۔

KARACHI CHAMBER OF COMMERCE AND INDUSTRY

IFTEKHAR SHEKH

COUNTRY WIDE STRIKE