مبارک ثانی کیس فیصلے کو اسلامی نظریاتی کونسل قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، چئیرمین سی آئی آئی
مبارک ثانی کیس کے حوالے سے چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا ردعمل سامنے آگیا ۔
ڈاکٹر راغب نے بیان جاری کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کی تحسین کی اور علما کرام اور خصوصی طور پر اسلامی نظریاتی کونسل کی پیش کردہ سفارشات پر غور کرتے ہوئے مذکورہ کیس کی تمام قابل اعتراض اور متنازعہ شقوں کو حذف کرنے اور مقدمہ ٹرائل کورٹ میں بلا تفریق چلانے کا فیصلہ قابل ستائش قرار دیا ۔
چئیرمین کونسل نے کہا کہ اس عدالتی فیصلے سے تمام مسلم امہ کے اصولی موقف اور شرعی اور قانونی رائے پرتسکین ہوئی ہے۔ جس کو کونسل قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے معزز عدالت اور بطور خاص چیف جسٹس آف پاکستان کی بھی تحسین کی کہا کہ انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل اور تمام مکاتب فکر کے علماءکے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے اپنے فیصلے کی تصحیح کی ہے ۔
عدالتی کاروائی کو خصوصی طور پر وزیراعظم پاکستان کے احکامات کی روشنی میں عمل میں لایا گیا جس میں تمام حلقہ ہائے فکرنے اپنا کردار ادا کیا۔
علماء کی تجاویز کی روشنی میں مسلمانان پاکستان ،بالخصوص دینی طبقے کے اندر پائے جانے والے اضطراب کا ازالہ کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.