پی ٹی آئی کے جلسہ منسوخی پر اپوزیشن کا اجلاس، اعتماد میں نہ لئے جانے پر اچکزئی ناراض
حکومت مخالف اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں جلسہ منسوخ کرنے کے معاملے پر اعتماد میں نہ لیے جانے پر اپوزیشن کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں پی ٹی آئی رہنما محمود اچکزئی کو وضاحتیں دیتے رہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق چھ جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی جلسہ ملتوی کرنے کے فیصلے سے آگاہ کرنے پر ناخوش ہیں اسی لیے انہوں نے ہنگامی اجلاس طلب کیا۔
اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا، تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین، اخونزادہ حسین یوسفزئی اور دیگر شریک ہوئے۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں ترنول جلسہ منسوخی سے متعلق تحفظات سامنے آئے، محمود اچکزئی نے اجلاس میں شکوہ کیا کہ پی ٹی آئی نے جلسہ منسوخی سے قبل اعتماد میں نہیں لیا، میرے نام سے عدالت میں درخواست جمع ہے، جلسہ ملتوی کرنے جیسا بڑا فیصلہ کرتے وقت مجھ سے پوچھا تک نہیں گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین محمود خان اچکزئی کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
منی لانڈرنگ کیس: مونس الہٰی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم، جائیدادیں بھی ضبط
بعدازاں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں نے ترنول جلسہ گاہ جانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس ختم ہونے پر محمود اچکزئی کی سربراہی میں اپوزیشن وفد جلسہ گاہ کے لیے روانہ ہوگیا۔
محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر راجہ جلسہ گاہ پہنچے، جہاں محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہمیں جلسے جلوس کی اجازت دیتا ہے، ہم کون سے ڈنڈے اُٹھا کر کسی کو گالیاں دینا چاہتے ہیں، اسپیکر کسی کو پارلیمنٹ میں بولنے نہیں دیتے۔
Comments are closed on this story.