Aaj News

ہفتہ, دسمبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Akhirah 1446  

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی

این ڈی ایم اے نے ہائی الرٹ جاری کردیا
شائع 22 اگست 2024 11:27am

محکمہ موسمیات نے اگلے 3 روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی، این ڈی ایم اے نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے 21 تا 24 اگست کے دوران خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس حوالے سے این ڈی ایم اے نے موسلا دھاربارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کے ساتھ دریائے کابل کے بہاؤ میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع ایبٹ آباد، پاراچنار، چارباغ، چارسدہ، چترال، دیر، ہری پور، ہزارہ، میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے،اس کے علاوہ مالاکنڈ، مانسہرہ، مردان، پشاور اور صوابی میں سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور کہا کہ ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے۔

ملک بھر میں مزید موسلادھار بارش کا امکان، کراچی میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی

مسافراور سیاحوں کو لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، دریائے چناب راوی جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے، رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ الرٹ ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز پتوک اور سوری شمالی سے درمیانے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا، گزشتہ روز زنگی کے مقام سے اونچے درجے کا سیلابی ریلہ گزرا، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں نارمل صورتحال ہے۔

عرفان کاٹھیا کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 71 فیصد، تربیلا ڈیم میں 100 فیصد ہے، بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح بھی کم لیول پر ہے، بھاکڑا ڈیم 54 فیصد، پونگ 53 اور تھین ڈیم میں پانی کی سطح 26 فیصد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

صوبائی دارالحکومت لاہور کا آج کم سے کم درجہ حرارت 26 زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کا آج سے آغاز، کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کب ہوگی

طوفانی بارشوں سے سندھ ڈوب گیا، پنجاب میں بھی تباہی

لاہور شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہونے کے باعث حبس کی کیفیت بھی محسوس ہو رہی ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق شہر لاہور میں آج بارش برسنے کے امکانات کم ہیں۔

بلوچستان

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی، لورالائی، سبی ،زیارت، لسبیلہ، قلات ، خضدار اور نصیر آباد میں تیز ہواؤں،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ میں درجہ حرارت 36، قلات میں 30، ژوب میں 30، زیارت میں 25، سبی میں 40، تربت میں 28، نوکنڈی میں 45، چمن میں 33، گوادر میں 35 اور جیونی میں 33 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Met Office

PDMA

NDMA

heavy rains

rainy weather

torrential rains

Rain prediction

PDMA PUNJAB

HEAVY RAINS EXPECTED