Aaj News

منگل, دسمبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Akhirah 1446  

سابق بیوروکریٹ اور اینکر پرسن اوریا مقبول جان گرفتار، چار روزہ ریمانڈ منظور

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اوریا مقبول جان کو ڈی ایچ اے فیز 6 میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا
اپ ڈیٹ 22 اگست 2024 04:09pm

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے سابق بیوروکریٹ اور اینکر پرسن اوریا مقبول جان کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اوریا مقبول جان کو ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی (ڈی ایچ اے) فیز 6 میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔

ایف ائی اے نے اوریا مقبول جان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا، سابق بیوروکریٹ کے خلاف مذہبی منافرت اور اداروں کے خلاف منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج کیا گیا جبکہ مقدمہ سائبر ٹیررازم ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

اوریا مقبول جان کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اوریا مقبول کو گلبرگ سائبر کرائم کے آفس میں رکھا گیا ہے، اوریا مقبول جان کو سوشل میڈیا پوسٹ کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے، اوریا مقبول جان مبارک ثانی کیس سے متعلق بات کر رہے تھے۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مزید بتایا کہ ہمیں ایف آئی ار کی تفصیلات نہیں بتائی جا رہیں، اوریا مقبول جان کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

اس کے بعد ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اوریا مقبول جان کو عدالت پیش کیا، عدالت نے اوریا مقبول جان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تفتیش افسر اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اوریا مقبول جان کے خلاف مذہبی منافرت پھیلانے کا مقدمہ درج ہے۔

اس سے قبل 28 جنوری 2024 کو چیف جسٹس آف پاکستان اور ریاستی اداروں کے خلاف غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی تشہیر پر ایف آئی اے کی جانب سے اوریا مقبول جان سمیت 47 صحافیوں اور یوٹیوبرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے ججز کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی روک تھام کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔

یہ کمیٹی پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 (تفتیش کے اختیار سے متعلق) کے تحت تشکیل دی گئی تھی۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی سربراہی میں قائم کی گئی 6 رکنی کمیٹی میں انٹر سروسز انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو، اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے نمائندے اور کوئی ایک شریک رکن شامل ہیں۔

واضح رہے گزشتہ برس 13 مئی 2023 کو بھی لاہور پولیس نے اوریا مقبول جان کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر انہیں گرفتار کیا تھا۔

FIA

اسلام آباد

Federal Investigation Agency

Orya Maqbool Jan

anchor person

fia cyber crime wing

Former bureaucrat

orya maqbool jan arrest