Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

ناراضی کے نام پر دہشتگردی قبول نہیں، نوجوان ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کردیں، اسحاق ڈار

ملک کو ایسے لیڈرز کی ضرورت ہے جو ملکی مفاد کیلئے دیانت داری سے کام کریں، نائب وزیراعظم
شائع 20 اگست 2024 11:56am

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہے کہ ملک سے ناراضی نہیں ہوسکتی، ناراضی کے نام پر دہشت گردی قابل قبول نہیں، نوجوان ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کردیں۔

اسلام آباد میں 2 روزہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، پاکستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، پاکستان کے بہتر اور مضبوط وژن کے لیے نوجوانوں کا کرداربہت اہم ہوگا، نوجوان عملی زندگی میں قدم رکھ کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں، قائد اعظم بھی طلبہ سے بہت قریب تھے، یوتھ ہمارے معمار ہیں جو ہمارے مستقبل کی تشکیل کریں گے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ کسی بھی خوشحال قومی کی بنیاد اس کے نظام تعلیم پر ہوتی ہے، تعلیم کی بدولت پورا معاشرہ تبدیل ہوسکتا ہے، ہماری حکومت معاری تعلیم دینے کے لیے پر عزم ہیں، تعلیم تنقیدی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا نام ہے، تعلیم میری ہمیشہ سے سب سے پہلی ترجیح رہی ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ بچے ملک کا مستقبل ہیں، میں کہتا ہوں کہ دستیاب تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور سیکھنا کبھی نہ بند کریں، یہ تو حدیث میں بھی ہے کہ علم حاصل کرو چاہے اس کے لیے چین کیوں نا جانا پڑے، تعلیم دنیا کو بدلنے کے لیے سب سے طاقتور ہتھیار ہے، جن قوموں نے ترقی کی ان کے نوجوانوں کی کانٹریبیوشن ہے اس میں، ہمیں ایک قوم کے طور پر پاکستان کی خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناراضی کے نام پر دہشت گردی قبول نہیں، ایک ہی مقصد کے لیے کام کریں اور وہ مقصد ہے پاکستان، اختلاف ہوسکتا ہے لیکن کوئی اپنےملک سے ناراض نہیں ہوسکتا، نوجوان ہر قسم کی انتہا پسندی کو مسترد کردیں، آپ کے مطالبات ہوسکتے ہیں ، یہ آپ کا حق ہے، آپ اپنے مطالبات حکومت کو پیش کریں، حکومت نوجوانوں اور طلبہ کی ہر قسم کی سپورٹ کے لیے تیار ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے کچھ لوگ ناراض ہیں جو پہاڑوں پر جا بیٹھتے ہیں، ماں سے کسی قسم کی ناراضی نہیں ہوتی، انتہا پسندی، نفرت مستردکرکے ملک کی جڑیں مضبوط کریں، ایسے لیڈرز کی ضرورت ہے جو ملکی مفاد کے لیے دیانت داری سے کام کریں۔

وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ حکومت یوتھ اسٹارٹ اپ کے لیے ہرممکن وسائل فراہم کرے گی، نوجوان ہرقسم کی انتہا پسندی کو مسترد کردیں، نوجوان آبادی ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے، اتحاد میں طاقت ہے، نفرت اور منفی سوچ سے اجتناب کریں، پاکستان ایٹمی قوت کےساتھ میزائل قوت بھی ہے، پاکستان کو ایماندار اور دیانتدار لیڈروں کی ضرورت ہے۔

نائب وزیراعظم کے مطابق یہ وہ چیز ہے جس پر ہمیں واضح طور پر سوچنا چاہیے کہ ہم اس میں ٹریپ نہ ہوں، کبھی کبھی بچے جذبات میں آکر ٹریپ ہوجاتے ہیں تو میں اس بارے میں واضح کہہ دوں کہ اس کی ہمیں اجازت نہیں دینی چاہیے، اس ملک میں بہت صلاحیتیں ہیں، دنیا بدل رہی ہے اور مستقبل ان کا ہے جو نئے دور کے تقاضوں میں ڈھلتے ہیں، پاکستان کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو روایتی جمود سے ہٹ کر سوچیں اور جمود کو چیلنج کرنے سے نہ گھبرائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خیال اور کوشش ہی ایک واضح فرق پیدا کرسکتی ہیں، ہماری حکومت اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرنے کے لیے تیار ہے، ہم نے لیپ ٹاپس دیے، قیادت اقتدار کے عہدے لینے کا نام نہیں بلکہ ذمہ داری لینے، فعال ہونے اور اپنی برادری کی خدمت کرنے کا نام ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ میں توقع رکھتا ہوں کہ ااپ ایسے جوہر پیدا کریں گے کہ آپ دوسروں کے لیے مثال کریں گے اور قوم کی بہتری کے لیے کام کریں گے، ایک خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی تشکیل دی گئی ہے اس کے ذریعے ہمارے ویژن کا ایک اہم پہلو نوجوانوں کو با اختیار بنانا بھی ہے، پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہمارا نوجوان ہے، یہ ہمارا سرمایہ ہیں، ایس آئی ایف سی نوجوانوں کو مختلف مواقعوں سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گی

Ishaq Dar

اسلام آباد

Youth Convention

foreing minister