Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

چکوال اسپننگ ملز پاکستان میں ڈیٹا سینٹر اور کلاؤڈ آپریشنز شروع کرنے کیلئے تیار

سرِدست ڈیفالٹر کمپنی نے پی این او کیپٹل سے 7.78 ارب روپے کا معاہدہ کرلیا۔
شائع 19 اگست 2024 09:37pm

چکوال اسپیننگ ملز لمٹیڈ (کلاؤڈ) نے ڈیٹا سینٹر اور کلاؤڈ آپریشنز لانچ کرنے کے لیے پی این او کیپٹل سے 7 ارب 78 کروڑ 40 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ اس لسٹیڈ کمپنی نے، جو سرِدست ڈیفالٹر ہے، اس پیش رفت کے بارے میں پاکستان اسٹاک ایکچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے مطلع کیا ہے۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ 12 جولائی 2024 کو کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس ہوا اور کمپنی کے حصص یافتگان کی منظوری سے 2 اگست کی جنرل میٹنگ میں انتظامیہ نے پی این او کیپٹل کے ساتھ ڈیٹا سینٹر کے قیام اور کلاؤڈ آپریشنز شروع کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ پی این او کیپٹل ٹیکنالوجیز اور صحتِ عامہ میں دلچسپی رکھنے والا خالص پبلک پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ ہے۔

”کلاؤڈ“ نے بتایا ہے کہ مجموعی سرمایہ کاری میں سے 50 کروڑ روپے ایکویٹی کی شکل میں ہوں گے۔ 40 کروڑ روپے اسپانسرز کی طرف سے آئیں گے جبکہ باقی 7 ارب 20 کروڑ روپے 3 سال کی میچورٹی والے کنورٹیبل بونڈز کی شکل میں ہوں گے۔ اس پر سالانہ کوپن 10 فیصد ہوگا جو مدت کے خاتمے پر مجموعی اعتبار سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں کمپنی نے آپٹیمس کیپٹل مینیجمنٹ (پرائیویٹ) لمٹیڈ کو مالیاتی مشیر مقرر کیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر چند برس کے دوران غیر معمولی رفتار سے ابھرا ہے۔

گزشتہ مالی سال کے دوران آئی ٹی سیکٹر سے ہونے والی ترسیلاتِ زر 3 ارب 22 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہیں۔ یہ اُس سے پچھلے مالی سال کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ ہے۔ تب آئی ٹی سے متعلق برآمدات سے قومی خزانے کو 2 ارب 59 کروڑ 60 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے تھے۔

گزشتہ ماہ مری پیٹرولیم کمپنی لمٹیڈ نے بھی کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے کے لیے ذیلی کمپنی بناکر آئی ٹی سیکٹر میں قدم رکھا تھا۔

PSX

IT sector

DATA CENTER

CLOUD SERVICES