Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی: معروف صنعتکار کی قریبی عزیز کی بے قابو گاڑی نے کئی گاڑیاں روند ڈالیں، 2 افراد جاں بحق 4 زخمی

کار سوار خاتون گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئی تھیں جنہیں مشتعل ہجوم نے پولیس کے حوالے کیا
اپ ڈیٹ 19 اگست 2024 10:02pm

کراچی کے علاقے کارساز روڈ کنگری ہاؤس کے قریب کار کی ٹکر سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے، کار سوار خاتون نے فرار کی کوشش کی تو متشعل افراد نے گھیر لیا، پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ پہنچ کر دو خواتین کو حراست میں لے لیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون ڈرائیور سے سفید رنگ کی پراڈو بے قابو ہو کر دیگر گاڑیوں کو روندتی ہوئی موٹر سائیکلوں سے جا ٹکرائی، حادثے میں دو شہری جاں بحق اور چار زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں عمران عارف اور آمنہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثے کی ذمہ دار دو خواتین کو حراست میں لے لیا گیا ہے، حادثے کے بعد کار سوار خاتون گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئی تھیں جنہیں مشتعل ہجوم نے پولیس کے حوالے کیا۔

عینی شاہدین نے آج نیوز کو بتایا کہ تیز رفتار جیپ پیچھے موٹر سائیکلوں کو روندتے ہوئے آرہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کا سبب بننے والی گاڑی نجی کمپنی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ پولیس نے زیرحراست خواتین سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

ایس ایچ او تھانہ بہادرآباد محمد نعیم نے بتایا کہ حادثے کی ذمہ دار خاتون کا نام نتاشا دانش ہے، جو معروف صنعت کار کی قریبی عزیز ہے۔

نتاشا کے پولیس کو دئے گئے بیان کے مطابق وہ کے ڈی اے اسکیم ون میں واقع گھر سے نکلی تھیں، حادثے کے وقت خاتون سے گاڑی بے قابو ہوئی۔

ایس ایچ او محمد نعیم نے بتایا کہ سات افراد موقع پر زخمی ہوئے اور دو افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ خاتون نتاشا شادی شدہ اور معروف صنعت کار دانش اقبال کی قریبی عزیز ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نتاشا کا طبی معائنہ کیا گیا، خاتون ذہنی دباؤ میں ہیں، ان کے پاس برطانوی ڈرائیونگ لائسنس ہے۔

karachi

Road Accident

Natasha Danish

Karsaz