Aaj News

جمعرات, ستمبر 12, 2024  
07 Rabi ul Awal 1446  

پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5 خوارج ہلاک، 3 اہلکار شہید

سیکورٹی فورسز نے ان خوارج کو ضلع باجوڑ میں جا پکڑا
شائع 19 اگست 2024 08:35pm

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی، جس کے نتیجے میں 5 خوارج ہلاک اور 3 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 اگست کی درمیانی شب پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت نوٹ کی گئی، جو دراندازی کی کوشش کر رہے تھے، سیکورٹی فورسز نے ان خوارج کو ضلع باجوڑ میں جا پکڑا۔

فورسز نے مؤثر طریقے سے ان خوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا۔ نتیجتاً فتنہ الخوارج کے پانچ خوارج ہلاک ہوئے اور چار زخمی ہوگئے۔

تاہم، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع خیبر کے 36 سالہ نائیک عنایت خان، مانسہرہ کے 35 سالہ لانس نائیک عمر حیات اور پشاور کے رہائشی 25 سالہ سپاہی وقار خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے، شہادت کو گلے لگایا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ISPR

FITNAT UL KHAWAARIJ