Aaj News

بدھ, ستمبر 18, 2024  
13 Rabi ul Awal 1446  

وزیراعظم کو دورہ کروائیں، پاکستان کے بہترین ہسپتال سندھ میں ہیں، بلاول بھٹو

جے پی ایم سی کینسر ڈیپارٹمنٹ میں 167 شہروں اور 15 ممالک سے شہری علاج کیلئے آتے ہیں، بلاول
شائع 19 اگست 2024 04:37pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے بہترین ہسپتال سندھ میں ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت دی ہے کہ وہ وزیر اعظم شہباز کو جے پی ایم سی کا دورہ کروائیں۔

کراچی میں جناح ہسپتال کے سائبر نائف یونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ جو ہمارے تین ہسپتال ہیں، جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی، اور این آئی سی ایچ پاکستان کے بہترین ہسپتالوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے میڈیا میں منفی خبریں چلتی ہیں اور پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی سطح پر بھی منفی خبریں چلتی ہیں، مگر پاکستان کی اگر کوئی اچھی خبر ہے تو وہ ہمارے تین قومی ادارے ہیں، یہ تین ہسپتال گوڈ گورننس کی مثال ہیں اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی اعلیٰ مثال ہے، 2011 کے بعد صوبائی حکومت کو ان ہسپتالوں کو چلانے کی ذمہ داری ملی، ویسے ہی آپ نے سنا ہوگا سندھ حکومت کے بارے میں کہ ہم کچھ نہیں کرتے، میگا پراجیکٹس نہیں کرتے لیکن بولنے سے زیادہ ہمارا کام نظر آتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا کا سب سے بڑا دل کے علاج کا ہسپتال کراچی میں بنایا، این آئی سی ایچ کے ذریعے ہم بچوں کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں، صوبہ سندھ کا کاروباری طبقہ پورے ملک میں چیریٹی میں صف اول کی خدمات انجام دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سائبر نائف مشین کے ایک ٹریٹمنٹ کے لیے 1 ہزار ڈالر خرچ کیے جاتے ہیں، آج ہم نے شہر میں تیسری سائبر نائف مشین شروع کروائی ہے جس سے مفت علاج کروایا جائے گا، پوری دنیا میں ایسا کہیں بھی نہیں ہوتا، اس سے کینسر کا مفت علاج کیا جائے گا۔

سابق وزیر خارجہ نے بتایا کہ جے پی ایم سی کا کینسر کے علاج کا ڈیپارٹمنٹ دنیا کے ٹاپ ٹین کینسر کے علاج کے ڈیپارٹمنٹ میں شامل ہے، ہم اپنے ملک کے عوام کو جو معیاری علاج دلوا رہے ہیں وہ ہم آپ سب کی وجہ سے دلوا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبہ سندھ مین تب خوش ہوتے ہیں جب ہم عوام کو معیاری علاج کراسکتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری کامیابی ہے کہ صرف جے پی ایم سی میں کینسر کے ڈیپارٹمنٹ میں 167 شہروں سے لوگ علاج کے لیے آتے ہیں اور 15 ممالک سے بھی شہری یہاں آتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت دی کہ وہ وزیر اعظم شہباز کو جے پی ایم سی کا دورہ کروائیں۔

Bilawal Bhutto Zardari

JPMC