Aaj News

جمعرات, ستمبر 19, 2024  
14 Rabi ul Awal 1446  

خیرپور میں زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق، کمشنر سکھر کا نوٹس

سول اسپتال میں انتظامات اور ڈاکٹرز موجود نہیں تھے، جس سے بچوں کی اموات ہوئیں، ورثا نے الزام
شائع 19 اگست 2024 02:08pm

سندھ کے شہر خیرپور میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور 4 افراد کی حالت غیر ہونے پر اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ کمشنر سکھر نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا۔

خیرپور کی تحصیل پیر جو گوٹھ کے قریب گاؤں حبیب بروہی میں رات گئے مضر صحت زہریلا کھانا کھانے سے 10 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 2 بچوں سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 4 افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں سول اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں دلبر، غلام اصغر، فہمیدہ، گنج بیبی، سونیا اور دیگر شامل ہیں جبکہ اسپتال میں زیر علاج 4 بچے جن میں مریم، حاجانی، منظور اور محمد بخش شامل ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ جاں بحق 6 افراد کی لاشیں گھر پہنچنے پر قہرام مچ گیا جبکہ علاقے میں سوگ کی فضاء چھا گئی۔

ورثا نے الزم عائد کیا کہ سول اسپتال میں انتظامات اور ڈاکٹرز موجود نہیں تھے، جس کی وجہ سے ہمارے بچوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ ورثاء نے غفلت برتنے والے طبی عملے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کھانے میں کوئی زہریلی چیز تھی جس کی وجہ سے اتنی اموات ہوئی ہیں جبکہ ٹیسٹ لے لیے گئے ہیں ان سے ہلاکتوں کی وجوہات کا پتہ چل جائے گا۔

ادھر افسوسناک واقعے میں جاں بحق متوفین کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں حبیب بروہی میں ادا کردی گئی۔

دوسری جانب کمشنر سکھر فیاض عباسی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خیرپور سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔

sindh

child dead

Poisonous milk

Children Dead

khair pur