Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

برطانوی حکومت خواتین پر تشدد کو دہشت گردی قرار دینے کے لیے کوشاں

وزیرِداخلہ یویٹ کوپر نے حکام کو متعلقہ قوانین کی کمزوریوں کا جائزہ لینے کا حکم دے دیا
شائع 18 اگست 2024 05:09pm

برطانوی حکومت نے ملک میں خواتین پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر قوانین پر نظرِثانی کرتے ہوئے اس طرح کے تشدد اور حملوں کو دہشت گردی قرار دینے پر غور شروع کردیا ہے۔

برطانوی وزیرِداخلہ یویٹ کوپر نے حکم دیا ہے کہ متعلقہ قوانین کا جائزہ لے کر ایسی تمام کمزوریوں اور خامیوں کی نشاندہی کی جائے جن کے باعث خواتین پر حملے کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور دیدہ دلیری سے خواتین کو نشانہ بناتے پھرتے ہیں۔

ایک انٹرویو مین یویٹ کوپر نے کہا کہ خواتین کو نشانہ بنانے اور اُن پر تشدد کرنے کو انتہائی دائیں بازو کا رویہ قرار دیتے ہوئے دہشت گردی کے مماثل ٹھہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

وزیرِاعظم کیئر اسٹارمر نے اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ خواتین پر تشدد سے معاشرے میں انتشار بڑھ رہا ہے اور بچوں پر بھی اس کے شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

نئے قوانین کی تیاری کے ساتھ ساتھ اسکول ٹیچرز اور پولیس اہلکاروں کو بھی متعلقہ ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔ ٹیچرز سے کہا جائے گا کہ وہ اپنے طلبات و طالبات میں خواتین پر تشدد کے حوالے سے منفی رجحانات کی نشاندہی کریں.

پولیس اہلکار شکایات ملنے پر اس بات کا جائزہ لیں گے کہ متعلقہ شخص یا اشخاص میں خواتین کے حوالے سے منفی سوچ خطرناک حد تک تو نہیں پائی جاتی ۔

جن افراد کے خیالات خطرناک محسوس ہوں گے پولیس اہلکار اُن کے خیالات سے ”انقلابیت“ دور کرنے کی کوشش کریں گے یا اس حوالے سے متعلقہ ماہرین کو سفارشات پیش کریں گے۔

terrorism

violence against women

yvette cooper

UK HOME SECRETARY

FAR RIGHT APPROACH