Aaj News

ہفتہ, نومبر 02, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بجلی ریلیف پیکج: حکومت پنجاب کا بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو پیشگی ادائیگی کا فیصلہ

صوبائی حکومت نے پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی پانچ ڈسکوز کو الگ الگ خط لکھ دئے
شائع 18 اگست 2024 05:05pm

پنجاب حکومت نے بجلی صارفین کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دینے کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرتے ہوئے بجلی فراہم کرنے والی پانچ سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ایڈوانس میں ادائیگی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ڈسکوز سے ریلیف کی صورت میں واجب الادا رقم کا تخمینہ فراہم کرنے کا کہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے پانچ ڈسکوز سے 19 اگست تک فی یونٹ پر 14 روپے ریلیف کے لیے درکار مالی ضروریات کا تخمینہ مانگا ہے۔

اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والی پانچ ڈسکوز کو الگ الگ خط لکھ دیا ہے۔

خطوط لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ الیکٹرک کمپنیوں کو لکھے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فی یونٹ 14 روپے ٹارگٹڈ ریلیف کا اطلاق ماہانہ 201 سے 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر ہوگا تاہم ماہانہ 200 سو یونٹ والوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔

بجلی کے ٹیرف میں ریلیف کا اطلاق اگست اور ستمبر 2024 کے بلوں میں ہوگا، ٹیکسز و ڈیوٹیز کے ساتھ حکومت پنجاب بجلی کے فی یونٹ پر 14 روپے ریلیف دے گی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا تھا کہ پنجاب میں 500 تک یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 14 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

Nawaz Sharif

Maryam Nawaz

Electricity Relief Package