ارشد ندیم نے تحفے میں بھینس ملنے پر اعتراض اٹھا دیا، سسر سے نیا مطالبہ
پاکستان کے لیے سونے کا تمغی جیتنے والے جیولین اسٹار ارشد ندیم نے جیسے ہی اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا نام روشن کیا تو ان کے لیے انعام و اکرام کے اعلانات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے ایتھلیٹ کو 15 کروڑ، پنجاب حکومت کی جانب سے 10 کروڑ روپے اور گاڑی دی جا چکی ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے 5 کروڑ روپے اور دیگر مشہور شخصیات اور اداروں کی جانب سے بھی ان کے لیے انعامات کے اعلانات سامنے آئے تھے۔
ایسے میں سب سے دلچسپ انعام کا اعلان ارشد ندیم کے سسر کی جانب سے سامنے آیا جنہوں نے جیولین اسٹار کو ان کے کارنامے پر بھینس دینے کا اعلان کیا تھا۔
اسی دوران ارشد ندیم اور ان کی اہلیہ نے اینکر وسیم بادامی کے شو میں شرکت کی،وسیم بادامی نے ان سے سسر کی جانب سے بھینس کے تحفے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ ’میری اہلیہ نے مجھے بتایا کہ ابو نے تحفے میں بھینس دی ہے، مجھے نہیں معلوم تھا‘۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے ارشد نے پر مزاح انداز میں کہا کہ ’یار بھینس دی ہے، ماشااللہ ڈیڑھ، دو مربعے اراضی ان کے پاس ہے کوئی پانچ چھ ایکڑ مجھے بھی دے دیتے‘، ساتھ ہی وہ اور اینکر قہقہ لگا کر ہنس پڑے۔
ان کی اہلیہ نے بتایا کہ اس تحفے کا مجھے بھی نہیں پتا تھا، ایک انٹرویو دیکھ کر علم ہوا تو ارشد کو بتایا۔
مریم نواز کی طرف سے ارشد ندیم کو ملنے والی گاڑی کا انوکھا نمبر
ارشد نے ایک مرتبہ پھر پر مزاح انداز میں کہا کہ ’جب انہوں نے مجھے بتایا تو میں نے کہا کہ یار بھینس دی ہے، ماشاءاللہ اتنے امیر ہیں وہ، میں نے کہا کہ اپنے والد صاحب کو کہیں کوئی پانچ چھ ایکڑ زمین دیں لیکن انہوں نے کہا نہیں یہ احساس کرتی ہیں اپنے والدین کا‘۔
خیال رہے کہ ارشد ندیم کے سُسر محمد نواز سے جب اس انوکھے تحفے کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’بطور تحفہ بھینس کو ان کی دیہی برادری میں بہت قیمتی اور قابلِ عزت بات سمجھا جاتا ہے‘۔
محمد نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھینس ان کی برادری کی روایات اورگاؤں سے ندیم کے گہرے تعلق کی وجہ سے دی ہے۔
Comments are closed on this story.