Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شیخ مجیب الرحمٰن کی برسی پر لُنگی ڈانس کی ویڈیوز وائرل

ڈھاکا میں 32 دھان منڈی پر اس سال عوامی لیگ کے کارکنوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے سے روک دیا گیا۔
شائع 16 اگست 2024 06:57pm

بنگلا دیش کے باشندوں کے لیے 32 دھان منڈی کوئی معمولی پتا نہیں۔ یہ پتا ہے مشرقی پاکستان کو بنگلا دیش میں تبدیل کرنے والے شیخ مجیب الرحمٰن کی سرکاری رہائش گاہ کا جہاں اُنہیں خاندان کے دیگر 17 یا 18 ارکان سمیت 15 اگست کی شب چند جونیر فوجی افسران نے قتل کردیا تھا۔

بنگلا دیش میں میں 15 اگست کو شیخ مجیب الرحمٰن کی برسی کی مناسبت سے عام تعطیل دی جاتی رہی ہے۔ گزشتہ سال تک اس دن سرکاری تعطیل ہوا کرتی تھی۔

اب بنگلا دیش یو ٹرن لے چکا ہے اور یو ٹرن بھی ایسا کہ قومی یادگار کا درجہ پانے والی شیخ مجیب الرحمٰن کی سرکاری رہائش گاہ پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے آنے والوں کو شدید خوف و ہراس کا سامنا کرنا پڑا۔ مشتعل ہجوم نے اُنہیں ڈرا دھمکاکر بھگادیا۔

اس موقع پر چند منچلوں نے لُنگی ڈانس بھی کیا۔ یہ ڈانس بالی وڈ ایکٹر شاہ رخ خان کی فلم چنئی ایکریس کے ایک گانے پر کیا گیا جو ہنی سنگھ نے گایا ہے۔

لُنگی ڈانس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں اور بہت سے لوگوں نے اس پر شدید اعتراض اور احتجاج کیا ہے۔

معترضین کا کہنا ہے کہ عوامی لیگ سے نفرت سہی، شیخ حسینہ کے دورِ حکومت پر لوگ ناراض سہی مگر پھر بھی شیخ مجیب الرحمٰن کی برسی پر اُن کی سرکاری رہائش گاہ اور قومی یادگار کا درجہ پانے والی عمارت کے باہر رقص اور ہلا گلا کسی بھی اعتبار سے کوئی اچھی بات نہیں اور اس سے دنیا بھر میں بنگلا دیش کا امیج مزید گندا ہوا ہے۔

Dhaka

Death Anniversary

DHAAMANDI

LUNGI DANCE

SHEKH MUJEEB

VIDEOS VIRAL